وقاص مقصود سینٹرل پنجاب کو مقابلے میں واپس لے آیا
قائد اعظم ٹرافی فرسٹ الیون ،فائنل میچ میں چوتھے روز کا کھیل مکمل
• دفاعی چیمپئین سنٹرل پنجاب کو جیت کے لیےمزید 216 رنز درکار خیبر پختونخواہ کوآٹھ وکٹوں کی ضرورت
کراچی ، 4 جنوری 2021ء:
قائد اعظم ٹرافی فرسٹ کلاس کا فائنل دلچسپ اور فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہو گیا ہے ۔ فائنل کے پانچویں اور آخری روز سنٹر ل پنجاب کو اعزاز کے دفاع کے لیے 216 رنز مزید درکار ہیں اور اس کے ہاتھ میں 8 وکٹیں ہیں ۔
خیبر پختونخواہ نے سنٹرل پنجاب کو میچ جیتنے کے لیے 356 رنز کا ہدف دیا ۔ چوتھے روز جب کھیل ختم ہوا سنٹرل پنجاب نے ہدف کے تعاقب میں 2 وکٹوں کے نقصان پر 140 رنز بنا ئے ہیں ۔ عثمان صلاح الدین 51 اور محمد سعد 27 رنز بنا کر کریز پر موجود ہیں ۔ محمد اخلاق 48 اور علی زریاب 10 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے ۔ ارشد اقبال اور ساجد خان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی ۔
اس سے قبل خیبر پختونخواہ نے فائنل کے چوتھے روز 243 رنز 5 کھلاڑی آؤٹ سے دوسری اننگز کا دوبارہ آغاز کیا اور سنٹرل پنجاب کے خلاف 355 رنز کی برتری حاصل کر کے آل آؤٹ ہو گئی ۔ تیسرے روز کے 104 رنز پر ناٹ آؤٹ بیٹسمین کامران غلام 4 رنز کے اضافے کے بعد 108 رنز پر آؤٹ ہو گئے ۔دوسرے روز ناٹ آؤٹ بیٹسمین خالد عثمان نے نصف سنچری مکمل کی وہ 53 رنز بنا کر پویلین لوٹے ۔ ساجد خان نے 8 ، ثمین گل نے 5 ، ارشد اقبال نے دو رنز بنائے ۔ جبکہ عرفان اللہ شاہ تین رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے ۔ سنٹرل پنجاب کی جانب سے وقاص مقصود نے 77 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کی ۔بلاول اقبال نے دو جبکہ حسن علی اور قاسم اکرم نے ایک ایک وکٹ لی ۔ خیبر پختونخوا ہ نے پہلی اننگز میں 300 رنز بنائے تھے جبکہ سنٹرل پنجاب نے پہلی اننگز 257 رنز 9 کھلاڑی آؤٹ پر ڈیکلئیر کر دی تھی ۔
اپنی رائے کا اظہار کریں