سمجھ نہیں آتی سابق اولمپیئنز کس منہ سے پاکستان ہاکی فیڈریشن پر الزام تراشی کر رہے ہیں ،صدر پی ایچ ایف
پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر بریگیڈئر (ر) خالد سجاد کھوکھر نے کہا ہے کہ پاکستان ہاکی کے خلاف گٹھ جوڑ کرنے والوں نے قومی کھیل کو سب سے زیادہ نقصان پہنچایا ہے۔ ان لوگوں کواہم عہدوں پر ذمہ داریاں سونپ رکھی تھیں اپنی ناکامی کا ملبہ اب فیڈریشن پر ڈال کو خود کو بری الذمہ قرار دینے کی کوشش کر رہے ہیں۔ خصوصی گفتگو میں بریگیڈئر (ر) خالد سجاد کھوکھر کا کہنا تھا کہ مجھے سمجھ نہیں آتی یہ لوگ کس منہ سے پاکستان ہاکی فیڈریشن پر الزام تراشی کر رہے ہیں۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن نے حکومت کی جانب سے ملنے والے فنڈز کا کئی مرتبہ آڈٹ کرایا ہے، پاکستان ہاکی فیڈریشن جب بھی مالی مشکلات کا شکار ہوئی ہے۔ اپنی مدد آپ کے تحت کھلاڑیوں کو فنڈز کا بندوبست کر کے ان کے ڈیلی الاونس ادا کیے ہیں۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن کا جب چارج سنبھالا تھا تو فیڈریشن کروڑوں روپے کی مقروض تھی جن کا قرضہ بھی ادا کیا گیا اور کھلاڑیوں کو بھی ان کے بقیہ جات ادا کیے گئے ہیں۔ صدر پی ایچ ایف کا کہنا تھا کہ فیڈریشن کے عہدیداران نے کوئی کرپشن نہیں کی ہے بلکہ قومی کھیل کی بہتری کے لیے اقدامات کیے ہیں جن کا ثمر فوری نہیں ملے گا، حکومت اگر فنڈز جاری نہیں کرئے گی تو قومی کھیل مزید تباہی کی جانب چلا جائے گا۔ میڈیا کے ذریعے اب بھی ان لوگوں کو دعوت دیتا ہوں کہ اگر ان کے پاس کوئی ویڑن ہے تو وہ فیڈریشن کے ساتھ شیئر کرئے تاکہ اس پر بھی عمل کیا جائے۔ آج عہدوں کے لالچ میں فیڈریشن پر تنقید کرنے والے اپنے معذموم مقاصد کے حصول میں کبھی کامیاب نہیں ہونگے۔ صدر پی ایچ ایف بریگیڈئر (ر) خالد سجاد کا کہنا تھا کہ ہاکی بہت مہنگی ہو گئی ہے اسے ترقی دینے کے لیے حکومت فنڈز کی اشد ضرورت ہے۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن نے قومی کھیل کے روشن مستقبل کے لیے پاکستان سپورٹس بورڈ اور حکومت پنجاب کو پلان دے رکھا ہے جس کے لیے کسی سطح پر کوئی تعاون نہیں کیا جا رہا ہے۔
اپنی رائے کا اظہار کریں