لیڈز ٹیسٹ: پاکستان کا ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ
لیڈز: پاکستان نے انگلینڈ کے خلاف 2 ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میں ٹاس جیت بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔
پاکستان لیڈز کے ہیڈنگلے کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جا رہے میچ میں شکست دے کر 22 سال بعد سیریز اپنے نام کرنے کی خواہاں ہے۔پاکستان کے کپتان سرفراز احمد کا ٹاس جیت کر کہنا تھا کہ لیڈز وکٹ بیٹنگ کے سازگار نظر آ رہی ہے اور اس کا فائدہ حاصل کرنے کی کوشش کریں گے۔
یاد رہے کہ آخری مرتبہ قومی ٹیم نے وسیم اکرم کی قیادت میں 1996 میں انگلینڈ کو دو ایک سے شکست دے کر سیریز اپنے نام کی تھی۔ پاکستان اس اہم ترین میچ میں نوجوان بیٹسمین عثمان صلاح الدین کو ٹیسٹ کیپ دے گا جنہیں میچ کے دوران زخمی ہونے والے بابر اعظم کی جگہ شامل کیا جائے گا۔گزشتہ 8 میں سے 6 ٹیسٹ ہارنے والی انگلش ٹیم بدترین دور سے گزر رہی ہے جسے میچ جیت کر سیریز بچانے کا مشکل ترین چیلنج درپیش ہے۔انگلینڈ کو گزشتہ 6 ماہ میں آسٹریلیا کے ہاتھوں ایشیز میں چار صفر اور نیوزی لینڈ کے خلاف ایک صفر سے شکست ہوئی تھی۔
اگر لیڈز ٹیسٹ پاکستان نے جیت لیا یا میچ ڈرا ہوگیا تو انگلش ٹیم جوئے روٹ کی قیادت میں مسلسل تیسری ٹیسٹ سیریز ہار جائے گی۔پاکستانی ٹیم متحدہ عرب امارات میں 13-2012 میں انگلینڈ کے خلاف کلین سوئپ کر چکی ہے اور اگر آج شروع ہونے والے لیڈز ٹیسٹ میں گرین کیپس نے میزبان ٹیم کو شکست دی تو سرفراز، مکی آرتھر اور انضمام کے کمبی نیشن میں پاکستانی شاہین ایک اور اعزاز اپنے نام کر کے بلندیوں کی جانب پرواز کریں گے۔
اپنی رائے کا اظہار کریں