سپورٹس بورڈ پنجاب – ٹرین دی ٹرینرز
صوبائی وزیر کھیل جہانگیر خانزادہ نے کہا ہے کہ بین الاقوامی سطح کے کھلاڑی تیار کرنے کیلئے سپورٹس بورڈ پنجاب نے ”ٹرین دی ٹرینر “ پروگرام شروع کیا ہے جو کہ ایک انقلابی اقدام ہے، پروگرام میںکوچز کو بین الاقوامی معیار کے مطابق تربیت دی جارہی ہے، ٹریننگ کے بعد شارٹ لسٹ کرکے 30سے35کوچز کا ماسٹر ٹریننگ پروگرام شروع کریں گے جو کہ انٹرڈسٹرکٹ اور انٹر ڈویژن سطح پر کامیاب ہونیوالے کھلاڑیوں کو تربیت دیں گے ، ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب ذوالفقار احمد گھمن ”ٹرین دی ٹرینر“ پروگرام میں بین الاقوامی کوچز اور نیوٹریشنز کو مدعو کیا ہے جو کہ ہمارے کوچز کو تربیت دے رہے ہیں، کوچزکی صلاحیتیں بہتر ہوں گی تو کھلاڑیوں کا کھیل بھی بہتر ہوگا، ا ن خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کے روز سپورٹس بورڈ پنجاب میں ”ٹرین دی ٹرینر“ پروگرام کی افتتاحی تقریب کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر سیکرٹری سپورٹس پنجاب نیئر اقبال، ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب ذوالفقاراحمدگھمن، غیرملکی وفدکے ارکا ن برائن سٹیل، بیورلے مارگریٹ برٹن، انجیلا اور ڈاکٹر سہیل سلیم بھی موجود تھے، غیرملکی وفد کے سربراہ اور سائیکلنگ میں تین بار اولمپک مقابلوں میں شرکت اور دو مرتبہ میڈل حاصل کرنیوالے برائن سٹیل نے کہا کہ ہمیں پاکستان آکر بہت خوشی ہوئی ہے، ہم کوچز کی تربیت کیلئے ہر طرح کا تعاون کریں گے، پاکستان سپورٹس کےلئے بہترین ملک ہے، یہاں پر سپورٹس کا معیار بہتر بنانے سے دنیا کو اچھی سپورٹس دیکھنے کو ملے گی، نیوٹریشنسٹ انجیلا نے کہا کہ پاکستان کے نوجوان بہت باصلاحیت ہیں، ان کے مائنڈ سیٹ کو تبدیل کرنےکی ضرورت ہے ، ان کی حوصلہ افزائی کی جانی چاہئے، نوجوانوں کو سپورٹس کی طرف لانے کیلئے ہمیں انکے ذہن کو تبدیل کرنا ہوگا، بیورلے مارگریٹ برٹن نے کہا کہ کھیل، کھلاڑی اور کوچز کی بہتری کیلئے پیسے سے زیادہ اچھی تربیت کی زیادہ ضرورت ہے، ہم اسی پہلو پر نوجوانوں کو تربیت دیتے ہیں، انہوں نے کہا کہ پاکستان سپورٹس کے حوالے سے دنیا کے بہترین ممالک میں شامل ہے، پاکستانی نوجوان بہت باصلاحیت ہیں، ان کو تربیت دیکر ہمیں خوشی محسوس ہورہی ہے، ہم پاکستان سے ہر طرح کا تعاون کرنے کیلئے تیار ہیں۔ صوبائی وزیر کھیل جہانگیر خانزادہ نے کہا کہ سپورٹس بورڈ پنجاب نے دوروزہ ٹرین دی ٹرینر پروگرام سپورٹس بورڈ پنجاب کا انقلابی اقدام ہے، کوچز کی غیرملکی ماہرین سے تبادلہ خیال سے کوچز کے وژن میں اضافہ ہوگا، ابتدائی تربیت کے بعد کوچز کے کام کو دیکھتے ہوئے ان کی شارٹ لسٹنگ کی جائے گی اور 30سے35کوچز کیلئے دوماہ بعد ماسٹر ٹریننگ پروگرام شروع کیا جائے گا، ان پروگرامز سے ہمارے کوچز کا معیار بین الاقوامی سطح پر آ جائے گا جس سے کھیلوں کے معیار میں بھی بہتری آئے گی، اس کے علاوہ سپورٹس بورڈپنجاب کے زیراہتمام انٹر ڈسٹرکٹ اور انٹرڈویژنل مقابلوں میں کامیاب ہونیوالے کھلاڑیوں کو ہمارے ماسٹر ٹرینر تربیت دیں گے جس سے ہم بین الاقوامی معیار کے مطابق کھلاڑی تیار کرسکیں گے،انہوں نے کہا کہ ہم دن رات ایک کرکے سپورٹس کی بہتری کےلئے کام کررہے ہیں، جون تک صوبہ بھر میں ترقیاتی منصوبے مکمل کرلئے جائیں گے تاکہ نوجوانوں کو سپورٹس کی بہترین سہولتیں میسر آئیں، ایک سوال کے جواب میں صوبائی وزیر کھیل جہانگیر خانزادہ نے کہا کہ ہم کوشش کررہے ہیں ہاکی کے کھیل میں پاکستان اپنا کھویا ہوا مقام حاصل کرلے اس کے لئے چین سے بات چیت کررہے ہیں کہ وہ اپنی ہاکی ٹیم پاکستان بھیجے، ہاکی کے مقابلے منعقد سے ہونے ہمارے کھلاڑیوں کے کھیل میں بہتری آئے گی۔ ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب ذوالفقار احمد گھمن نے کہا کہ ”ٓٹرین دی ٹرینر“ پروگرام سے ہم امید کرتے ہیں کہ کھلاڑیوں کے کھیل میں بہتری آئے گی اور وہ بین الاقوامی سطح پر ہونیوالے مقابلوں میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کر سکیں گے، انہوں نے کہا کہ جب تک کوچز کی تربیت جدید خطوط پر نہیں ہوگی وہ کیسے کھلاڑیوں کو بین الاقوامی مقابلوں کیلئے تیار کر سکیں گے، اس بات کو مدنظر رکھتے ہوئے سپورٹس بورڈ پنجاب نے بین الاقوامی ماہرین بلائے ہیں، ہم ان ماہرین کے مشکور ہیں کہ انہوں نے اپنی مصروفیت سے وقت نکالا، ”ٹرین دی ٹرینر “ پروگرام سے کھلاڑیوں اور کوچز کی کھیل میں مزید دلچسپی بڑھے گی اور وہ محنت و لگن سے کھلاڑیوں کی جدید خطوط پر تربیت کرسکیں گے، کو چز کو جدید تربیت دلانے کیلئے ہر سہولت فراہم کی جائے گی۔
اپنی رائے کا اظہار کریں