پی سی بی کا نمک، آئی سی سی کی سیون اپ اور بھارتی حکومت کا لیموں
صاحب آج کئی کرم فرماوں نے فون کرکے یا فیس بک پہ ہمیں کوسہ اور بتایا کہ نومبر میں پاکستان اور بھارت کی سیریز طے پا گئی ہے اور یہاں تک بتا دیا کہ دوبئی کی اس سیریز میں اتنے ٹیسٹ، ون ڈے اور ٹی ٹونٹی ہونگے تو ہم نے تمام احباب کو شام تک انتظار کرنے کا مشورہ دیا
کیونکہ شاید وہ یہ نہیں جانتے کہ یہ ایک کھیل الگ انداز میں کھیلا جارہا ہے اور پاک بھارت بورڈز میں ایک قسط وار ڈرامہ چل رہا ہے، چیئرمین پی سی بی شہر یار خان کی حالیہ دھمکی کہ ہم عدالت میں جائیں گے یا تو معاہدے کے مطابق سیریز کھیلی جائیں یا پھر پی سی بی کو ہونے والا خسارہ ادا کیا جائے، آئی سی سی نے فوری ایکشن لیا اور بھارتی بورڈ کو متنبہ کیا کہ وہ معاہدے کی پاسداری کرے
جواب توقعات کے عین مطابق اور روایتی آیا کہ ہم تو تیار ہیں مگر بھارتی حکومت ابھی پاکستان بھارت کے تعلقات اتنے اچھے نہیں دیکھ پا رہی کہ کرکٹ سیریز کسی نیوٹرل پر بھی کھیلنا ممکن ہو
وزیر مملکت برائے امور داخلہ ہنس راج آہیرنے تو یہاں تک کہہ دیا کہا کہ انہیں بھارتی کرکٹ بورڈ کی جانب سے پاکستان سے نیوٹرل وینیو پر سیریز کی اجازت کے لیے لکھے گئے خط کا علم تک نہیں
ادھر بھارت کے مسٹر چٹکلا المعروف راجیوشکلا حسب روایت میڈیا کی زینت بنے ہوئے ہیں کہ کھیل اور سیاست کو دور رکھا جائے
تو صاحبان اب کچھ دن اس پر خوب لے دے چلے گی، سپاٹ فکسنگ کچھ دب گیا کچھ اس واویلے میں دب جائے گا
اور اس کے بعد کسی مفلوق الحال ٹیم کے پاکستان آنے کی نوید سنا دی جائے گی
لیجیے پاکستانی شائقین کرکٹ کے لیے سیون اپ تیار ہے، پیجیے اور زور دار ڈکار ماریں
تاکہ آپ کی خوش فہمیوں کو آفاقہ ہو
اپنی رائے کا اظہار کریں