نیشنل ہاکی چیمپیئن شپ، نیشنل اسٹیڈیم میں
نیشنل ہاکی چیمپیئن شپ 2016ءکا آغاز آج سے نیشنل ہاکی سٹیڈیم لاہور میں ہوگا۔ چیمپیئن شپ میں 13 محکمہ جاتی ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں جنہیں چار گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔ یہ بات ڈائریکٹر ڈومیسٹک اینڈ ڈیویلپمنٹ پی ایچ ایف نوید عالم، ٹورنامنٹ ڈائریکٹر مصدق حسین اور آرگنائزنگ سیکرٹری مسعود الرحمان نے نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ مصدق حسین کا کہنا تھا کہ ٹورنامنٹ 23 دسمبر 2016ءسے 4 جنوری 2017ءتک کھیلا جائیگا۔ ٹیموں میں پی آئی اے، نیوی، ریلویز کو گروپ اے میں ، واپڈا، سوئی سدرن گیس کمپنی اور ایچ ای سی کو گروپ بی میں، نیشنل بنک، پورٹ قاسم اتھارٹی، پولیس اور پی ٹی وی کو گروپ سی جبکہ آرمی، سوئی نادرن گیس پائپ لائن اور پی اے ایف کو گروپ ڈی میں رکھا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ چیمپیئن شپ کے 23 سے 27 دسمبر تک کھیلے جانے والے پہلے راونڈ میں پریمیئر لیگ کے میچز کھیلے جائیں گے۔ روزانہ تین میچ کھیلے جائیں گے۔ پہلے راونڈ کے اختتام پر ہر گروپ سے دو دو ٹیمیں سپر لیگ مرحلے کے لیے کوالیفائی کرینگی جہاں انہیں دو گروپس میں تقسیم کیا جائے گا۔ سپر لیگ مرحلے کے میچز 28 دسمبر سے 31 دسمبر تک ہونگے۔ یکم اور دو جنوری کو آرام کے بعد تین جنوری کو دوسری سیمی فائنل جبکہ 4 جنوری کو فائنل اور تیسری چوتھی پوزیشن کا میچ کھیلا جائیگا۔ ڈائریکٹر ڈومیسٹک اینڈ ڈیویلپمنٹ پی ایچ ایف نوید عالم کا کہنا تھا کہ تمام ڈیپارٹمنٹس کو چیمپیئن شپ کے قواعد و ضوابط پر عمل کرنا ہوگا۔ اس سلسلہ میں پی ایچ ایف کی ڈسپلنری کمیٹی پہلے سے قائم ہے وہ سکروٹنی کے معاملات کو دیکھے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹورنامنٹ کے ججز اور ریفریز کا جو بھی فیصلہ ہوگا اسے تمام ٹیموں کے کھلاڑیوں اور آفیشلز کو تسلیم کرنا ہوگا۔ نوید عالم کا کہنا تھا کہ یہ ٹورنامنٹ پاکستان ہاکی کے مستقبل کے لیے بھی اچھی نوید لیکر آئے گا کیونکہ اس میں سخت اور دلچسپ مقابلے دیکھنے کو ملیں گے جبکہ پاکستان ہاکی فیڈریشن نے کلب ہاکی کی سرگرمیاں بحال کرنے کے لیے ڈسٹرکٹ، ڈویژن اور صوبائی سطح پر اقدامات کا آغاز کر رکھا ہے جس کے ابتدائی طور پر اچھے نتائج ملنا شروع ہوئے ہیں۔ چیمپیئن شپ میں آج پہلے روز تین میچ کھیلے جائیں گے
اپنی رائے کا اظہار کریں