پاک بھارت کرکٹ سیریز پھر کھٹائی میں پڑ گئی ،
نئی دہلی: بھارتی میڈیا کے مطابق ہمسایہ ممالک سے تعلقات پر نظرثانی سے متعلق کمیٹی کا اجلاس ہوا جس کے دوران دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی کے خاتمے کے لئے کرکٹ سیریز کے انعقاد پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اجلاس کے دوران وزیر خارجہ سشما سوراج نے پاک بھارت کرکٹ سیریز کے ماضی قریب میں انعقاد پر کہا کہ سرحد پر کشیدگی کی وجہ سے دونوں ممالک کے درمیان کرکٹ سیریز نہیں ہو سکتی تاہم انسانی بنیاد پر قیدیوں اور خواتین کی رہائی جیسے اقدامات اٹھائے جا سکتے ہیں۔
بھارتی وزیر خارجہ نے الزام عائد کیا کہ پاکستان کی جانب سے سرحدی معاہدے کی 800 سے زائد مرتبہ خلاف ورزی کی گئی ہے۔سشما سوراج کا کہنا تھا کہ سرحد پر فائرنگ کے بڑھتے واقعات اور موجودہ حالات دونوں ممالک کے درمیان کرکٹ سیریز کے لئے راہ ہموار نہیں کرتے۔
یاد رہے کہ پاک بھارت کشیدگی کے باوجود قومی کرکٹ ٹیم 2 مرتبہ بھارت سے سیریز کھیل چکی ہے تاہم بھارت نے معاہدے کے باوجود قومی ٹیم سے سیریز نہیں کھیلی۔
اپنی رائے کا اظہار کریں