ایچ بی ایل پی ایس ایل 6 کے بقیہ میچز کے انعقاد پر پی سی بی اور فرنچائزز میں تبادلہ خیال
لاہور، 7 مئی 2021ء:
پاکستان کرکٹ بورڈ اور چھ فرنچائز مالکان نے آج بروز جمعہ ایک ورچوئل اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس کے شرکاء نے لیگ کے انعقاد سے متعلق این سی او سی کی ہدایات کا تمام پہلوؤں سے جائزہ لیا۔
- اجلاس کی کارروائی مندرجہ ذیل ہے:
•لیگ کے بقیہ 20 میچز کے لیے پہلی ترجیح متحدہ عرب امارات ہے۔
•چونکہ اب دونوں ممالک میں عید الفطر کی تعطیلات کا آغاز ہوچکا ہے اور پاکستان کرکٹ ٹیم کو 23 جون کو دورہ انگلینڈ پر روانہ ہونا ہے لہٰذا پی سی بی اب ایمریٹس کرکٹ بورڈ کے ساتھ رابطہ کرکے ایونٹ کو منعقد کرنے پر تبادلہ خیال کرے گا۔
•ان تعطیلات کے دوران، پی سی بی ٹورنامنٹ کے نئے شیڈول کی تیاری پر بھی کام کرے گا، اس دوران پی سی بی پلیئنگ اور ٹریننگ سہولیات، ہوٹل کی بکنگ، گراونڈ پہنچنے کے لیے ٹرانسپورٹ اور ویزوں کے حوالے سے بھی ای سی بی سے مکمل رابطے میں رہے گا۔
•پی سی بی اس دوران ممکنہ مالی اور دیگر خدشات کا جائزہ لینے کے بعد فرنچائز سے مشاورت کے بعد وینیو سے متعلق کوئی بھی حتمی فیصلہ کرے گا۔
وسیم خان، چیف ایگزیکٹو پی سی بی:
پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان کا کہنا ہے کہ آج کا اجلاس بہت مفید رہا، ہم نے کئی پہلوؤں کا جائزہ لیا، اس دوران متحدہ عرب امارات کا وینیو پہلی ترجیح بن کر سامنے آیا ہے تاہم ہمیں اب بھی کئی چیلنجز کا سامنا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ ہم ایچ بی ایل پی ایس 6 کو کامیابی سے مکمل کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔
اپنی رائے کا اظہار کریں