مانچسٹر دھماکوں کے بعد قومی ٹیم کی سیکورٹی میں اضافہ
قومی کرکٹ ٹیم جو آج کل برمنگھم میں موجود ہے اور وہاں تربیتی کیمپ کے بعد وارم اپ میچز کھیلنے کو تیار ہے، مانچسٹر دھماکوں کے بعد منیجر قومی ٹیم طلعت محمود نے آئی سی سی سے اپیل کی تھی کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کی سیکورٹی میں اضافہ کیا جائے اور ساتھ ہی ہوٹل بھی تبدیل کیا جائے یا پھر پاکستانی ٹیم کو وہاں ٹھہرایا جائے جہاں دیگر ٹیمیں قیام پزیر ہیں، آئی سی سی نے پاکستانی مطالبات منظور کرتے ہوئے سیکورٹی میں خاطر خواہ اضافہ کر دیا ہے
پیر کی شب مانچسٹر میں ہونے والے کنسرٹ کے دوران دھماکے میں 22 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہوئے تھے۔ جس کے بعد آئندہ ماہ انگلینڈ ہی میں شیڈول چیمپئنز ٹرافی اور ویمنز ورلڈکپ کی سکیورٹی پر بھی سوالیہ نشان عائد ہو چکا ہے۔ بھارتی کرکٹ بورڈ نے اس حوالے سے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے آئی سی سی کو خط بھی لکھا۔آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کرکٹ ٹورنامنٹ وارم اپ میچز کا سلسلہ کل سے لندن میں شروع ہو گا۔ پاکستانی ٹیم بنگلہ دیش اور آسٹریلیا کے خلاف میچز میں اپنی کارکردگی کا جائزہ لے گی۔ چیمپئنز ٹرافی یکم سے 18 جون تک کھیلی جائے گی جس میں دنیائے کرکٹ کی صف اول کی آٹھ ٹیمیں ٹائٹل کے حصول کیلئے ایکشن میں دکھائی دیں گی جن میں پاکستان، میزبان انگلینڈ، جنوبی افریقہ، بھارت، عالمی چیمپئن آسٹریلیا، بنگلہ دیش ، نیوزی لینڈ اور سری لنکا شامل ہیں، بھارتی ٹیم ٹائٹل کا دفاع کرے گی۔ ٹرافی سے قبل مجموعی طور پر چھ وارم اپ میچز کھیلے جائیں گے، 26 مئی کو پہلے وارم اپ میچ میں آسٹریلیا کا مقابلہ سری لنکا سے ہو گا، 27 مئی کو پاکستان اور بنگلہ دیش کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی۔ 28 مئی کو بھارت کو نیوزی لینڈ کا چیلنج درپیش ہو گا، 29 مئی کو پاکستانی ٹیم کینگروز کے مدمقابل ہو گی۔ 30 مئی کو آخری دو وارم اپ میچز کھیلے جائیں گے، بھارت کا مقابلہ بنگلہ دیش اور نیوزی لینڈ کا مقابلہ سری لنکا سے ہو گا۔ایونٹ کاباقاعدہ آغاز یکم جون سے ہوگا۔ پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں چار جون کو مد مقابل ہونگی ۔ بھارت اعزاز کا دفاع کرے گا۔
اپنی رائے کا اظہار کریں