2009میں شاہد آفریدی بغاوت کے ماسٹر مائنڈ،یونس خان نے نیا پنڈورا باکس کھول دیا
لاہور(سپورٹس ڈیسک)پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور بیٹنگ کوچ یونس خان نے 2009میں ساتھی کھلاڑیوں کی جانب سے بغاوت کا ماسٹر مائنڈ شاہد آفریدی کو قرار دے کر نیا پنڈورا باکس کھول دیا ہے۔
تابی لیکس کے مطابق حال ہی میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے بیٹنگ کوچ کے عہدے سے استعفیٰ دینے والے یونس خان نے جنوبی افریقہ میں چیمپئنز ٹرافی 2009میں ساتھی کھلاڑیوں کی جانب سے بغاوت کا ماسٹر مائنڈ شاہد آفریدی کو قرار دے دیا، اس وقت کھلاڑیوں نے یونس خان کی کپتانی میں نہ کھیلنے کا عزم کرتے ہوئے قرآن پر حلف اٹھایا تھا،شاہد آفریدی، شعیب ملک، مصباح الحق اور محمد یوسف پیش پیش تھے۔
یونس خان نے کہاکہ مجھے لگتا ہے یہ کپتانی حاصل کرنے کا معاملہ تھا، شاہد آفریدی نے خود تسلیم کیا کہ وہ یہ شکایت لے کر اس وقت کے چیئرمین پی سی بی اعجاز بٹ کے پاس گئے،آل راؤنڈر کراچی سے فلائیٹ میں اسلام آباد گئے اور بات بھی کی تو شاید ماسٹر مائنڈ بھی وہی ہوں گے،نجانے انھوں نے یہ بات کیوں کہی کہ شکایت ہے مگر یونس خان کو کپتانی سے نہیں ہٹانا چاہتے۔
انھوں نے کہا کہ جس نے بھی بات کی اس کا یہی کہنا تھا کہ یونس خان سخت مزاج ہیں،کرکٹرز ان کی کپتانی میں کھیلنا نہیں چاہتے، کسی نے خود یہ نہیں کہا کہ وہ کھیلنے کو تیار نہیں، سب دوسروں کی بات کرتے رہے۔
اپنی رائے کا اظہار کریں