وہاب ریاض کے ستارے گردش میں آ گئے مگر کیوں ؟
لاہور: وہاب ریاض کا ستارہ گردش سے باہر نہ آسکا پیسر آئرلینڈ اور انگلینڈ سے ٹیسٹ میچزکے ممکنہ پلیئرز میں جگہ حاصل نہ کر پائے.
آل راؤنڈر حسین طلعت، اسپنر کاشف بھٹی اور فواد عالم کا انتخاب ہو گیا، شان مسعود گھٹنے کی انجری کے سبب زیر غور نہیں آئے، کیمپ بدھ سے شروع ہو رہا ہے اور15 اپریل کو اختتام ہوگا، اس کے بعد حتمی اسکواڈ کا اعلان کر دیا جائے گا۔ آئر لینڈ اور انگلینڈ سے ٹیسٹ میچز سے قبل تربیتی کیمپ کیلیے ممکنہ کرکٹرز کا اعلان کردیا گیا۔ بیٹسمین اظہر علی، سمیع اسلم، حارث سہیل، اسد شفیق، بابر اعظم، فخر زمان، عثمان صلاح الدین،سعد علی اور امام الحق کے ساتھ فواد عالم بھی شامل ہیں،البتہ ذرائع کے مطابق ان کی حتمی اسکواڈ میں شمولیت کا امکان بہت کم ہے، اسپنرز بلال آصف، محمد اصغراور شاداب خان کے ساتھ کاشف بھٹی پہلی بار کیمپ کا حصہ بنے، فاسٹ بولرز میں محمد عامر، حسن علی، راحت علی اور میر حمزہ شامل ہیں، محمد عباس منتخب کھلاڑیوں میں موجود لیکن کاؤنٹی کرکٹ میں مصروف ہونے کی وجہ سے کیمپ میں ٹریننگ کیلیے نہیں آئیں گے۔
ویسٹ انڈیز سے کراچی میں ٹی ٹوئنٹی سیریزکے اسکواڈ میں جگہ نہ بنا پانے والے وہاب ریاض کو ٹیسٹ کے ممکنہ پلیئرز میں بھی شامل نہیں کیا گیا، چیمپئنز ٹرافی کے بعد سے محدود اوورز کی کرکٹ سے نظر انداز پیسر سری لنکا سے گذشتہ ٹیسٹ سیریز کے پاکستانی اسکواڈ میں شامل تھے، وکٹ کیپرز سرفراز احمد (کپتان)، محمد رضوان، آل راؤنڈرز فہیم اشرف اور حسین طلعت ٹریننگ کیمپ کا حصہ بنیں گے، ہوم سیریز میں ٹی ٹوئنٹی ڈیبیو کرنے والے آصف علی منتخب کھلاڑیوں میں شامل نہیںہوسکے، البتہ اسلام آباد یونائیٹڈ کے ساتھی پلیئر حسین طلعت کو موقع مل سکتا ہے۔
شاہین شاہ آفریدی اور موسیٰ خان کو بھی قذافی اسٹیڈیم میں دیگر کرکٹرز کے ساتھ تربیت حاصل کرنے کا موقع ملے گا۔ دوسری طرف یاسر شاہ کے بعد ایک اور کرکٹر کے عدم دستیاب ہونے کی بھی تصدیق ہو گئی، شان مسعود گھٹنے کی انجری کے باعث ممکنہ کھلاڑیوں کی فہرست میں شامل نہیں کیے گئے،کیمپ میں مدعو کیے جانے والے 25 کرکٹرز کی ٹریننگ کا سلسلہ بدھ سے شروع ہوکر 15 اپریل تک جاری رہے گا، بعد ازاں تینوں ٹیسٹ میچز کیلیے حتمی اسکواڈ کا اعلان کیا جائے گا، منتخب کھلاڑی 18 سے 22 تک قذافی اسٹیڈیم میں ہی کیمپ میں شریک ہونگے، قومی اسکواڈ 23 اپریل کو انگلینڈ روانہ ہو گا۔
اپنی رائے کا اظہار کریں