ایف ایم سی، توقیر ڈار ہاکی اکیڈیمی نے جنوبی پنجاب سے ہاکی پلیئرز ڈھونڈ نکالے
ڈار ہاکی اکیڈمی اور جنوبی پنجاب سے ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کے بعد تشکیل دی گٸی ایف ایم سی الیون کے درمیان نمائشی میچ آج نیشنل ہاکی سٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائیگا۔ مہمان ٹیم کی نمائندگی کرنے والے کھلاڑیوں میں سے دو بہترین کھلاڑیوں کا انتخاب کر کے انہیں سکالر شپ دی جائے گی۔ اس بات کا اعلان ڈار ہاکی اکیڈمی کے سرپرست اعلٰی اولمپیئن توقیر ڈار، ایف ایم سی کے شیراز سلیم، ڈار اکیڈمی کے کوچ اولمپیئن دانش کلیم نے نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ توقیر ڈار کا کہنا تھا کہ ہم ایف ایم سی کے مشکور ہیں جنہوں نے قومی کھیل کی ترقی خاص طور پر جنوبی پنجاب کے پسماندہ علاقوں سے ٹیلنٹ ہنٹ کی تلاش کے لیے ڈار ہاکی اکیڈمی کے ساتھ ملکر کام کرنے کا وعدہ کیا۔ اس سلسلہ میں پہلے مرحلے میں جنوبی پنجاب سے 26 کھلاڑیوں کو ٹرائلز کے ذریعے منتخب کیا گیا تھا جنہیں لاہور کے نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں ڈار ہاکی اکیڈمی کے انڈر 18 کھلاڑیوں کے ساتھ میچ کا موقع فراہم کیا جا رہا ہے۔ یہ میچ 6 جولائی کو کھیلا جائیگا۔ یہ بات درست نہیں کہ پاکستان میں ٹیلنٹ کی کمی ہے، پاکستان میں اتنا ٹیلنٹ ہے کہ دنیا کے کسی دوسرے خطے میں نہیں ہے، ہم اگر ایمانداری کے ساتھ کام کریں اور ان باصلاحیت کھلاڑیوں کو کھیل کے مواقعے فراہم کریں تو اس بات میں کوئی شک نہیں کہ پاکستان ہاکی میں اپنا کھویا ہوا مقام واپس حاصل نہ کر سکے۔ ڈار ہاکی اکیڈمی نمائشی میچ سے دو باصلاحیت کھلاڑیوں کا انتخاب کر کے انہیں سکالر شپ دے گی اور انہیں ڈار ہاکی اکیڈمی کے ہوسٹل میں رک کر اپنے کھلاڑیوں کے ساتھ سیکھنے کا موقع فراہم کیا جائے گا۔ اس موقع پر ایف ایم سی کے ڈائریکٹر فنانس شیراز سلیم کا کہنا تھا کہ ہمارا ادارہ قومی کھیل کی ترقی کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔ اس سے قبل سکواش کے کھیل کو سپانسر کیا جا رہا ہے اب قومی کھیل کے ان علاقوں میں کام کرنے جا رہے ہیں جنہیں اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا موقع نہیں مل رہا۔ ڈار ہاکی اکیڈمی لاہور میں قومی کھیل کی جس طرح خدمت کر رہی ہے وہ قابل ستائش ہے۔ ڈار ہاکی اکیڈمی کے ہیڈ کوچ اولمپیئن دانش کلیم کا کہنا تھا کہ ہماری اکیڈمی نے نوجوان کھلاڑیوں کو کھیل کے مواقع فراہم کرنے کا سلسلہ شروع کیا ہے۔ جنوبی پنجاب کے ان پسماندہ علاقوں میں گئے جہاں ٹیلنٹ تو بہت ہے لیکن ان نوجوانوں کو مواقع نہیں مل رہے تھے۔ ایف ایم سی کے مشکور ہیں جنہوں نے پاکستان کے قومی کھیل کی ترقی کے لیے ڈار ہاکی اکیڈمی کے ساتھ ملکر کام کا آغاز کیا ہے۔
اپنی رائے کا اظہار کریں