پل جھپکتے ہی ایک چھکے نے تماشائی کو لکھ پتی بنا دیا
آکلینڈ: نیوزی لینڈ کے شہر آکلینڈ میں میزبان ٹیم نے آسٹریلیا کے خلاف ٹی ٹوینٹی میچ میں چھکوں کی بارش کر دی اور حریف ٹیم کو 244 رنز کا ہدف دیا۔ نیوزی لینڈ نے اپنی اننگز میں 18 چھکے لگائے۔
میچ کی دلچسپ بات یہ ہے کہ کیوی بلے باز راس ٹیلر کے ایک چھکے نے ایک تماشائی کو پل جھپکتے میں لکھ پتی بنا دیا۔ کیوی تماشائی نے میچ کے دوران قواعد و ضوابط کے مطابق راس ٹیلر کے بلے سے ٹکرا کر باؤنڈری سے باہر آنے والی گیند کو ایک ہاتھ سے تھام لیا اور 50 ہزار نیوزی لینڈ ڈالر انعام کے حقدار پائے جو پاکستانی روپوں میں 41 لاکھ روپے کی رقم بنتی ہے۔
کیوی بلے باز مارٹن گپٹل نے اپنے ملک کی جانب سے ٹی ٹوینٹی کی تیز ترین سینچری بھی اسکور کی۔ انہوں نے 54 گیندوں پر 105 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جس میں 9 چھکے بھی شامل تھے۔ کولن مونرو نے 33 گیندوں پر 76 رنز بنائے انہوں نے اپنی اننگز میں 6 چھکے بھی لگائے۔
اپنی رائے کا اظہار کریں