آسٹریلین کپتان سمتھ نے اپنی جیب اعزازات سے بھر لی
پرتھ (اے پی پی)آسٹریلیا کے سٹیون سمتھ بطور کپتان 14 ٹیسٹ سنچریاں بنا کر سابق ہم وطن بلے بازوں ڈان بریڈمین اور مائیکل کلارک کے ہم پلہ ہو گئے، اسطرح سمتھ بحیثیت کپتان زیادہ ٹیسٹ سنچریاں بنانے والے مشترکہ طور پر چوتھے آسٹریلوی بلے باز بن گئے ہیں، انہوں نے انگلینڈ کے خلاف جاری تیسرے ایشز ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں کیریئر بہترین 229 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر کارنامہ انجام دیا، انہوں نے بطور پلیئر 22 ویں جبکہ بحیثیت قائد 14ویں سنچری بنائی، انہوں نے سابق ہم وطن بلے باز گریگ چیپل کا ریکارڈ توڑتے ہوئے بطور قائد زیادہ سنچریوں کا ڈان بریڈمین اور مائیکل کلارک کا ریکارڈ برابر کیا، بریڈمین اور کلارک نے بھی چودہ، چودہ سنچریاں سکور بنا رکھی تھیں، چیپل نے 13 سنچریاں بنا رکھی تھیں، کینگروز کی جانب سے بطور کپتان زیادہ سنچریاں بنانے کا اعزاز رکی پونٹنگ کو حاصل ہے جنہوں نے 19 سنچریاں بنائیں، سٹیووا اور ایلن بارڈر نے بطور کپتان 15، 15 سنچریاں بنائیں، ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں بطور قائد زیادہ سنچریاں بنانے کا عالمی اعزاز جنوبی افریقہ کے گریم سمتھ کو حاصل ہے جنہوں نے 25 سنچریاں سکور کیں۔، یہ ان کے کیریئر کی دوسری ڈبل سنچری ہے، اس کے ساتھ ہی انہوں نے رواں برس ہزار ٹیسٹ رنز بھی مکمل کئے، سمتھ مسلسل چوتھی مرتبہ ایک سال کے دوران ہزار ٹیسٹ رنز مکمل کرنے والے دنیا کے دوسرے کرکٹر بن گئے، انہوں نے برائن لارا، ٹریسکوتھک اور پیٹرسن کی مسلسل تین بار کیلنڈر ایئر میں ہزار رنز مکمل کرنے کا ریکارڈ توڑ دیا، اس فہرست میں آسٹریلیا کے ہی میتھیو ہیڈن پانچ بار سنگ میل عبور کر کے سرفہرست ہیں، ہیڈن نے 2001ء سے 2005ء کے دوران مسلسل پانچ مرتبہ سنگ میل عبور کر کے عالمی ریکارڈ پر قبضہ جما رکھا ہے، اس کے ساتھ ساتھ سمتھ نے چار برس کے دورانیے میں 20 ٹیسٹ سنچریاں بنا کر پہلے آسٹریلوی بلے باز ہونے کا اعزاز بھی پا لیا ہے، اس سے قبل اس ریکارڈ پر آسٹریلیا کے میتھیو ہیڈن اور رکی پونٹنگ کا قبضہ تھا، ہیڈن نے دو، دو بار چار برس کے عرصے میں 19 سنچریاں سکور کی تھیں جبکہ پونٹنگ نے ایک بار کارنامہ انجام دے رکھا تھا، اس کے علاوہ سمتھ مسلسل چار مرتبہ کیلنڈر ایئر میں زیادہ اوسط سے رنز بنانے والے بلے باز بھی بن گئے، انہوں نے 2014-17ء کے دوران 73.42 کی اوسط سے 20 سنچریوں کی مدد سے 4700 سے زائد رنز بنائے، اس سے قبل یہ اعزاز پونٹنگ کے پاس تھا، جنہوں نے 2003-06ء کے دوران 72.52 کی اوسط سے 19 سنچریوں کی مدد سے 5077 رنز بنائے تھے۔
اپنی رائے کا اظہار کریں