سرفراز احمد نے متبادل وکٹ کیپر نہ رکھنے کا راز کھول دیا
لاہور: سرفراز احمد نے متبادل وکٹ کیپر نہ رکھنے کا راز کھول دیا۔لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران سرفراز احمد سے متبادل وکٹ کیپر ساتھ نہ رکھنے کا سوال کیا گیا، جواب میں کپتان نے کہا کہ جب سے میں آیا پاکستان نے کوئی بڑی سیریز نہیں کھیلی،
صرف 2ٹیسٹ میچز ہی کھیلے ہیں،اس صورتحال میں مناسب یہی ہوتا ہے کہ ایک اضافی بولر یا بیٹسمین اسکواڈ میں شامل کرلیں تاکہ بہتر ٹیم کمبی نیشن بنانے میں آسانی ہو۔کسی متبادل کو گروم کرنے کے سوال پر سرفراز احمد نے کہا کہ ایسا تاثر درست نہیں، محمد رضوان اور محمد حسن کی خدمات میسر ہیں،ان کی گرومنگ بھی ہورہی ہے، قومی ٹیم میں شامل رکھ کر نہ کھلانے سے بہتر ہے کہ وکٹ کیپرز کو ”اے“ ٹیموں یا اکیڈمیز میں مصروف رکھا جائے۔
انھوں نے کہا کہ قومی ٹیم ایشیا کپ اور بعد ازاں آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کیخلاف میچز کھیل رہی ہوگی تو پاکستان ”اے“ سائیڈ کے میچز بھی جاری ہوں گے، انجری کسی وقت بھی ہوسکتی ہے، اگر میرے متبادل وکٹ کیپر کی ضرورت پڑی تو وہیں سے طلب کرسکتے ہیں۔کامران اکمل کی جانب سے بیٹ مار لینے کے حوالے سے سوال پر انھوں نے کہا کہ میں کسی وکٹ کیپر کی راہ میں رکاوٹ نہیں، نہ ہی کوئی بن سکتا ہے، یہ سب اللہ کے ہاتھ میں ہوتا ہے،کامران اکمل ڈومیسٹک کرکٹ میں اچھا پرفارم کررہے ہیں، قسمت میں لکھا ہوا تو ان کو بھی ضرور موقع ملے گا۔
اپنی رائے کا اظہار کریں