مہمان بنے مہان ۔۔ اسلام آباد کے بلے بازوں نے پشاور کا بھرکس نکال دیا
پال اسٹرلنگ اور ایلکس ہیلز کی جارحانہ بیٹنگ نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو فتح دلادی
کراچی، 30 جنوری 2022ء:
پال اسٹرلنگ اور ایلکس ہیلز کی برق رفتار بلے بازی کی بدولت اسلام آباد یونائیٹڈ نے ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ 7 میں فاتحانہ آغاز کیا ہے. دونوں کھلاڑیوں کی 58 گیندوں پر 112 رنز کی دھواں دھار شراکت نے 168 رنز پر ڈھیر ہونے والی پشاور زلمی کی ٹیم کو چاروں شانے چت کردیا.
18 گیندوں پر نصف سنچری اسکور کرنے والے پال اسٹرلنگ نے 25 گیندوں پر 57 رنز بنائے. ان کی اننگز میں 7 چوکے اور 3 چھکے شامل تھے.
ایلکس ہیلز نے 54 گیندوں پر 82 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی. ان کی اننگز میں ایک چھکا اور 13 چوکے شامل تھے.
رحمٰن اللَّه گرباز 27 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے. اسلام آباد یونائیٹڈ نے 169 رنز کا مطلوبہ ہدف 25 گیندیں قبل محض ایک وکٹ کے نقصان پر حاصل کرلیا.
اس سے قبل پشاور زلمی نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا آغاز تو فہیم اشرف اور حسن علی کی نپی تلی باؤلنگ کے سامنے زلمی کا ٹاپ آرڈر مکمل طور پر ناکام ہوگیا اور ابتدائی چار کھلاڑی محض 35 رنز پر آؤٹ ہوکر پویلین واپس لوٹ گئے.
اس موقع پر شیرفین ردرفورڈ نے شعیب ملک کے ہمراہ پانچویں وکٹ کے لیے 73 رنز کی پارٹنرشپ قائم کرکے پشاور زلمی کی لڑکھڑاتی بیٹنگ لائن اپ کو سہارا دیا. شعیب ملک کے 25 رنز پر آؤٹ ہونے کے باوجود شیرفین ردرفورڈ نے ایک اینڈ سنبھالے رکھا اور 152 کے اسٹرائیک ریٹ سے ناقابل شکست 70 رنز کی اننگز کھیلی. 46 گیندوں پر مشتمل ان کی اس اننگز میں 7 چوکے اور 3 چھکے شامل تھے. شعیب ملک 25 اور بین کٹنگ 26 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے.
پشاور زلمی نے مقررہ بیس اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 168 رنز بنائے. فہیم اشرف اور حسن علی نے دو دو وکٹیں حاصل کیں.
اپنی رائے کا اظہار کریں