PSL TICKETS & اور احتیاطی تدابیر کا اعلان
ایچ بی ایل پی ایس ایل 2021 : ٹکٹوں کی قیمتوں اور تماشائیوں کے لیے پروٹوکولز کا اعلان
کراچی، 16 فروری 2021ء:
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کا 20 فیصد تماشائیوں کو اسٹیڈیم میں داخلے کی اجازت دینے کے فیصلے کے مطابق پی سی بی نے ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ 2021 کے لیگ میچز کے لیے ٹکٹوں کی قیمتوں کا اعلان کردیا ہے۔ کوالیفائر، دونوں ایلیمنٹرز اور فائنل کی ٹکٹوں کی قیمتوں کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔
ایونٹ کے لیگ میچز 20 فروری سے 16 مارچ تک کراچی اور لاہور میں جاری رہیں گے۔ 18 سے 22 مارچ تک کھیلے جانے والے پلے آف مرحلے کے لیے ٹکٹوں کی تفصیلات ان میچز سے قبل جاری کردی جائیں گی۔
کرکٹ فینز کے لیے ایونٹ کے لیگ میچز کی ٹکٹیں www.bookme.pk پر دستیاب ہوں گی۔ ٹکٹنگ پارٹنر کی اس ویب سائٹ پر آن لائن ٹکٹوں کی فروخت بدھ کی صبح 10 بجے شروع ہوگی۔
بک می ڈاٹ پی کے نے فینز کی سہولت کے لیے ایک فون نمبر (03137786888) بھی مخصوص کردیا ہے، جہاں کوئی بھی شخص فون کال کر کے اپنا ٹکٹ خرید سکتا ہے۔ اس عمل کے لیےا پنا شناختی کارڈ نمبر اور فون نمبر دینا لازمی ہوگا۔ جب مذکورہ شخص کی ٹکٹ کنفرم کردی جائے گی تو اسے اپنے رجسٹرڈ کروائے گئے فون نمبر پر ایک ٹوکن نمبر بھیجا جائے گا، جس پر ایزی پیسہ یا جاز کیش کے ذریعے ٹکٹ کی رقم جمع کروائی جاسکے گی۔ رقم جمع کروانے پر مذکورہ شخص کو ایک ای ٹکٹ کوڈ بھجوایا جائے گا، جس کا پرنٹ یا ایس ایم ایس دکھا کر اسٹیڈیم میں داخلے کی اجازت ہوگی۔
پی سی بی نے نیشنل اسٹیڈیم کراچی اور قذافی اسٹیڈیم لاہور میں فیملیز کے لیے چند انکلوژرز مخصوص کردئیے ہیں۔
نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں فیملیز کے لئے مخصوص انکلوژرز:
حنیف محمد (وی آئی پی انکلوژر) ، وسیم اکرم (پریمیئم انکلوژر) ، ظہیر عباس، اقبال قاسم اور نسیم الغنی (فرسٹ کلاس انکلوژرز) اور انتخاب عالم انکلوژر (جنرل )
قذافی اسٹیڈیم لاہور میں فیملیز کے لئے مخصوص انکلوژرز:
فضل محمود (وی آئی پی انکلوژر) ، سعید انور (پریمیئم انکلوژر) ، عبد القادر (فرسٹ کلاس انکلوژر) اور نذر ، قائد ، ظہیر عباس اور ماجد خان (جنرل انکلوژر)۔
ہفتے کے روز ٹورنامنٹ کے افتتاحی میچ میں کراچی کنگز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیمیں شام 7 بجے مدمقابل آئیں گی۔ اس میچ کے لیے وی آئی پی اسٹینڈز (حنیف محمد اور جاوید میانداد انکلوژرز) کے ٹکٹ کی قیمت پانچ ہزار روپے مقرر کی گئی ہے ، جبکہ فرسٹ کلاس اسٹینڈز کی قیمت (ظہیر عباس ، آصف اقبال ، وقار حسن ، ماجد خان ، اقبال قاسم اور نسیم الغنی انکلوژرز) کے ٹکٹ کی قیمت چار ہزار روپےہوگی۔ اسی طرح ، پریمیئم اسٹینڈز(قائد ، وسیم اکرم اور عمران خان انکلوژرز) کے ٹکٹ کی قیمت تین ہزار روپے رکھی گئی ہے جبکہ جنرل اسٹینڈز (وسیم باری ، محمد برادرز اور انتخاب عالم انکلوژرز) کے ٹکٹ کی قیمت دوہزار روپے طے کی گئی ہے۔
اتوار کے روز ڈبل ہیڈر میں لاہور قلندرز اور پشاور زلمی، اسلام آباد یونائیٹڈ اور ملتان سلطانز کے مابین میچز بالترتیب دوپہر 2 بجے اور شام 7 بجے شروع ہوں گے۔ اس روز وی آئی پی اسٹینڈز (حنیف محمد اور جاوید میانداد انکلوژرز) کے ٹکٹ کی قیمت چار ہزار روپے مقرر کی گئی ہے ، جبکہ فرسٹ کلاس اسٹینڈز (ظہیر عباس ، آصف اقبال ، وقار حسن ، ماجد خان ، اقبال قاسم اور نسیم الغنی انکلوژرز) کے ٹکٹ کی قیمت تین ہزار روپے ہوگی ۔ اسی طرح پریمیئم اسٹینڈ (قائد ، وسیم اکرم اور عمران خان انکلوژرز) کے ٹکٹ کی قیمت دو ہزار روپے ہوگی جبکہ جنرل اسٹینڈز (وسیم باری ، محمد برادرز اور انتخاب عالم انکلوژرز) کے ٹکٹ کی قیمت ایک ہزار روپے ہوگی ۔
پیر سے بدھ تک ہونے والے میچوں کے لئے وی آئی پی اسٹینڈز (حنیف محمد اور جاوید میانداد انکلوژرز) کے ٹکٹ کی قیمت تین ہزار روپے ہوگی ، جبکہ فرسٹ کلاس اسٹینڈز (ظہیر عباس ، آصف اقبال ، وقار حسن ، ماجد خان، اقبال قاسم اور نسیم الغنی انکلوژرز) کے ٹکٹ کی قیمت دو ہزار روپے ہوگی ۔ اسی طرح پریمیئم اسٹینڈز(قائد، وسیم اکرم اور عمران خان انکلوژرز) کے ٹکٹ کی قیمت ایک ہزار روپے ہوگی جبکہ جنرل اسٹینڈ ز(وسیم باری ، محمد برادرز اور انتخاب عالم انکلوژرز) کے ٹکٹ کی قیمت پانچ سو روپے ہوگی ۔
لاہور لیگ کا پہلا میچ 10 مارچ کو ہوگا،جہاں پشاور زلمی اور کراچی کنگز کی ٹیمیں مدمقابل آئیں گی۔ وی آئی پی اسٹینڈز (عمران خان اور فضل محمود انکلوژرز) کے ٹکٹ کی قیمت تین ہزار روپے ہوگی ، فرسٹ کلاس اسٹینڈز (عبدالقادر اور سرفراز نواز انکلوژرز) کے ٹکٹ کی قیمت دو ہزار روپے ہوگی ، پریمیئم اسٹینڈز (اے ایچ کاردار، راجاز ، جاوید میانداد اور سعید انور انکلوژرز) کے ٹکٹ کی قیمت ایک ہزار روپےجبکہ جنرل اسٹینڈ ز( انضمام الحق ، نذر، قائد ، امتیاز احمد ، ظہیر عباس ، حنیف محمد ، ماجد خان ، سعید احمد انکلوژرز) کے ٹکٹ کی قیمت پانچ سو روپے ہوگی ۔
سلمان نصیر، چیف آپریٹنگ آفیسر پی سی بی:
پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف آپریٹنگ آفیسر سلمان نصیر کاکہنا ہے کہ پی سی بی کی طرف سے وہ وزارت صحت اور این سی او سی کے تعاون پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہیں ، ان کی مدد کے بغیر ہمارے لیے ایچ بی ایل پی ایس ایل 2021 میں شائقین کو اسٹیڈیم لانا ممکن نہ تھا۔
وہ پرامید ہیں کہ شائقین کرکٹ این سی او سی کےفیصلے کا احترام کریں گے اور سماجی فاصلے سے متعلق تمام پروٹوکولز پر عملدرآمد کریں گے، جس کی بنیاد پر ہی ایونٹ کے آخری چار میچز میں تعداد بڑھانے کا فیصلہ ہوگا۔
تماشائیوں کے لیے این سی او سی سے منظور شدہ ایس او پیز :
حفظان صحت :
• صابن اور پانی سے 20 سیکنڈز تک ہاتھ دھویں
• ہینڈ جیل کا استعمال کریں (ستر فیصد الکوحل والی یا متبادل)
• چھینکتے یا کھانستے وقت ٹشو پیپر کا ستعمال کریں، اس کے بعد ہاتھوں کو اچھی طرح صاف کریں
• چہرے اور ناک کو چھونے سے گریز کریں
• اسٹیڈیم کے اندر تھوکنے پر پابندی ہے
• اسٹیڈیم میں بیٹھے ہوئے میڈیکل ماسک پہننا لازمی ہوگا۔ اسٹیڈیم میں میڈیکل ماسک موجود ہوں گے
ضابطہ اخلاق:
• ماسک کے بغیر اسٹیڈیم میں داخلے کی اجازت نہیں۔ اسٹیڈیم میں داخلے اور سیٹ پر بیٹھے ہوئے اپنے چہرے کو ماسک سے ڈھانپے رکھیں
• اسٹیڈیم میں موجود عملے سے اپنے اسٹینڈز میں داخلے کی جگہ کے بارے میں مکمل معلومات حاصل کرلیں
• کوویڈ 19 کی کوئی بھی علامت ظاہر ہو تو برائے مہربانی اسٹیڈیم کا رخ مت کریں
• اگر اسٹیڈیم میں بیٹھے آپ کو کوئی بھی علامات ظاہرہوتو براہ کرم فوری طور پر وہاں موجود انتظامی عملے کو مطلع کریں
• اسٹیڈیم میں بیٹھے ہوئے سماجی فاصلے کا مکمل خیال رکھیں اور ببل میں موجود کسی بھی فرد سے دور رہیں
• ہر وقت اپنی نشست پر موجود رہیں سوائے ریسٹ رومز یا اسٹیڈیم سے باہر نکلتے وقت وہاں موجود عملے سےمزید رہنمائی حاصل کریں
• ہاتھوں کو بار بار سینیٹائز کریں
• کھانسی یا چھینکتے وقت اپنے چہرے کو ڈھانپ لیں
بیت الخلاء کی سہولت:
• ایک وقت میں تین افراد سے زائد بیت الخلاء کے لیے مخصوص جگہ کی طرف نہیں جاسکیں گے، وہاں موجود سیکورٹی گارڈز اس کو یقینی بنائیں گے
• باقاعدگی سے ہاتھ دھوئیں
سیٹوں میں فاصلہ:
• دو افراد یا ہر گروپ کے درمیان 2 سیٹوں کا فاصلہ ہو
• کوئی بھی گروپ صرف ایک گھر میں رہنے والے افراد پر مشتمل ہوسکے گا، سماجی فاصلہ برقرار رکھنا ضروری ہوگا
• دو قطاروں کے درمیان ایک قطار خالی رکھنا ضروری ہوگی
ٹکٹنگ:
• فیملیز کے لیے مخصوص اسٹیڈینڈز کی ٹکٹ ہی صرف فیملیز کو فروخت کی جاسکے گی
• ٹکٹ خریدنے کے لیے ہر فرد کو اپنی درکار تمام تفصیلات فراہم کرنا ہوں گی تاکہ ٹریک اور ٹریسنگ ممکن ہوسکے
• ٹکٹ صرف آن لائن فروخت ہوگی
• سیکورٹی گارڈز تماشائیوں کے بیٹھنے میں ان کی رہنمائی کریں گے
حسن علی تازہ انٹرویو تابی لیکس کے ساتھ
اپنی رائے کا اظہار کریں