کراچی کنگز کو شکست دیکر گلیڈی ایٹرز کی امیدیں جاگنے لگیں
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے کراچی کنگز کو ہرا کر پلے آف مرحلے میں رسائی کی امیدیں لگالیں
لاہور، 20 فروری 2022ء:
قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے ایچ بی ایل پی ایس ایل 7 کے اٹھائیسویں میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے کراچی کنگز کو 23 رنز سے ہرا کر ٹورنامنٹ کے پلے آف مرحلے میں رسائی کی امیدیں لگالی ہیں۔
ملتان سلطانز اور لاہور قلندرز کے بعد پلے آف مرحلےمیں رسائی حاصل کرنے والی تیسری ٹیم پشاو زلمی کی ہے جو 10 پوائنٹس کے ساتھ پلے آف مرحلے میں رسائی حاصل کرچکی ہے۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور اسلام آبادیونائیٹڈ کی ٹیموں کے پوائنٹس کی تعداد آٹھ آٹھ ہے۔
167 رنز کے تعاقب میں کراچی کنگز کی ٹیم مقررہ بیس اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 143 رنز ہی بناسکی ۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خرم شہزاد نے شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے چار کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔
مطلوبہ ہدف کے تعاقب میں انگلش کرکٹر جوکلارک نے کپتان بابراعظم کے ہمراہ ذمہ دارنہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے 87 رنز کی ابتدائی شراکت قائم کی۔ جوکلارک نے 2 چھکوں اور 4 چوکوں کی بدولت 52 رنز کی اننگز کھیلی۔ بابراعظم 36 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ ان کی اننگز میں ایک چھکا اور تین چوکے شامل تھے تاہم اس کے بعد کراچی کنگز کا کوئی بھی بیٹر زیادہ دیر کریز پر نہ ٹھہر سکا۔شرجیل خان 16، قاسم اکرم 9، روحیل نذیر 8، عماد وسیم 11 ، لوئس گریگری ایک اور ٹام لیمنبے صفر پر آؤٹ ہوئے۔
کراچی کنگز کو آخری 12 گیندوں پر جیت کے لیے 37 رنز درکار تھے کہ خرم شہزاد نے دوسری گیند پر چھکا لگنے کے باوجود اوور کی آخری دو گیندوں پر دو وکٹیں حاصل کرکے میچ کو دلچسپ بنادیا۔اس دوران عماد وسیم کا ایک کیچ ڈراپ ہوا جبکہ ایک مرتبہ وہ نوبال پر کیچ دے بیٹھے تھے۔
خرم شہزاد نے 22 رنز کے عوض 4 وکٹیں حاصل کیں۔ نسیم شاہ نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
اس سے قبل کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے ٹاس جیت کرپہلے بیٹنگ کرتے ہوئے جیسن رائے کی نصف سنچری کی بدولت مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 166 رنز بنائے تھے۔ انگلینڈ سے تعلق رکھنے والے اوپنر نے 64 گیندوں پر11 چوکوں کی مدد سے 82 رنز کی اننگز کھیلی تھی۔
جیمز ونس نے 29، ول سمیڈ نے 10 اور عمر اکمل نے 2 رنز اسکور کیےتھے۔ افتخار احمد اور حسان خان بالترتیب 21 اور 3 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔
لوئس گریگری، عماد وسیم، میر حمزہ اور عثمان شنواری نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
اپنی رائے کا اظہار کریں