پی ایس ایل 2020 کی ٹکٹوں کی رقم کا آسان واپسی کا اعلان
پاکستان کرکٹ بورڈنے ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ 2020 کے 10 میچوں کی ٹکٹوں کی واپسی کی تفصیلات جاری کردی ہیں۔ یہ میچز یا تو بارش کی نذر ہوئے،یا بند دروازوں میں کھیلےگئے اور یا پھر کوویڈ19 کےباعث ان کا شیڈول تبدیل کردیا گیا تھا۔
دو مرحلوں پر مشتمل ٹکٹوں کی ری فنڈنگ کا یہ عمل پیر سے شروع ہوگا۔پہلا مرحلہ 13 جولائی سے پانچ اگست تک جاری رہے گا، جس میں کوویڈ 19 کے سبب بند دروازوں میں کھیلے گئے 5 گروپ میچز اور 29 فروری کو راولپنڈی میں بارش کی نذر ہونے والے میچ کی ٹکٹیں ری فنڈ کی جائیں گی۔
ری فنڈنگ کا دوسرا مرحلہ 6 سے 29 اگست تک جاری رہے گا۔ جہاں لیگ کے ابتدائی شیڈول میں شامل کوالیفائر، 2 ایلیمنٹر اور فائنل میچ کی ٹکٹیں ری فنڈ کی جائیں گی۔
چھ ہفتوں پر مشتمل یہ عمل صارفین کے لیے ایونٹ کی ٹکٹوں کی واپسی کا واحد موقع ہے۔ ٹکٹوں کی واپسی کا یہ عمل ملک بھر کے 27 مختلف شہروں کے مخصوص ٹی سی ایس مراکز پر پیر سے ہفتہ، صبح 10 سے سہ پہر 4 بجے تک جاری رہے گا۔ان شہروں میں اسلام آباد، لاہور، کراچی، کوئٹہ، پشاور اور ملتان کے علاوہ چکوال، حیدرآباد، وہاڑی، گجرانوالہ، بھکر، ڈیرہ غازی، سکھر، لودھراں اور وہاڑی وغیرہ بھی شامل ہیں۔
صارفین کو ٹکٹوں کے پیسوں کی واپسی کے لیے ایونٹ کے لیے خریدی گئی اپنی اصل ٹکٹ ان مخصوص ٹی سی ایس مراکز میں جمع کرانا ہوگی۔ اس دوران ٹی سی ایس مراکز کا رخ کرنے والے ان صارفین کے لیے چہرے کا ماسک پہننا اورسماجی فاصلے سے متعلق دیگر حکومتی ہدایات پر عمل کرنا لازمی ہوگا۔
شعیب نوید، پراجیکٹ ایگزیکٹوپی ایس ایل :
پی ایس ایل کے پراجیکٹ ایگزیکٹو شعیب نوید کا کہنا ہے کہ بلاشبہ ایونٹ کی ٹکٹوں کی واپسی کایہ عمل کچھ تاخیر کا شکار ہوا تاہم امید ہے کہ تمام مداح بخوبی سمجھ سکتے ہیں کہ کوویڈ 19 کے سبب ہم ہر ممکنہ صورتحال کا جائزہ لے رہے تھے۔انہوں نے کہا کہ وہ تمام صارفین سے حکومتی ہدایات برائے کوویڈ 19 پر مکمل عمل کرنے کی درخواست کرتے ہیں۔
شعیب نوید نے کہا کہ ایچ بی ایل پی ایس ایل 2020 ایک کامیاب ایونٹ رہا، جہاں مجموعی طورپر 5 لاکھ جوشیلے مداحوں نے میچز دیکھنے کے لیے اسٹیڈیم کا رخ کیا۔ پراجیکٹ ایگزیکٹو پی ایس ایل کاکہنا ہے کہ پی سی بی اور تمام فرنچائزز پرامید ہیں کہ لیگ کے بقیہ میچز کو2020 میں ہی ری شیڈول کرلیاجائے گا۔ان میچوں کو ری شیڈول کرنے سے متعلق تمام تفصیلات اپنے مقررہ وقت پر جاری کردی جائیں گی۔
اپنی رائے کا اظہار کریں