پریکٹس کا دوسرا دن ، پاکستانی کرکٹرز اور کوچز کی توجہ مڈل آرڈر کو مستحکم بنانے پر مرکوز رہی
کینٹربری: آئرلینڈاور انگلینڈ کیخلاف ٹیسٹ میچز کی تیاری کیلیے دوسرے روز بھی پاکستانی کرکٹرز کی پریکٹس کا سلسلہ جاری رہا جب کہ کوچز کی توجہ مڈل آرڈر کو مستحکم بنانے پر مرکوز رہی۔
آئرلینڈ اور انگلینڈ کیخلاف ٹیسٹ میچز کی تیاری کیلیے قبل ازوقت کینٹربری میں ڈیرے ڈالنے والے پاکستانی کرکٹرز نے بدھ کو مشقوں کا آغاز کیا تھا،یہ سلسلہ گزشتہ روز بھی جاری رہا،کھلاڑیوں نے وارم اپ کے بعد جسمانی استعداد بہتر بنانے پر کام کیا،کوچز نے ٹیم کو مختصر فاصلے کی دوڑوں کے بعد جمپ اور دیگر وزرشوں میں سرگرم رکھا۔
فیلڈنگ پریکٹس میں اونچے اور کلوز کیچز کی الگ الگ مشق ہوئی،اوپنرز اظہر علی،سمیع اسلم،امام الحق اور فخرزمان کے بعد مڈل آرڈر کو مستحکم بنانے پر خصوصی توجہ مرکوز رکھی گئی۔
ویزا مسائل کے سبب تاخیر سے اسکواڈ کو جوائن کرنے والے محمد عامر بدھ کو ٹریننگ میں شریک نہیں تھے، گذشتہ روز وہ نیٹ پر بھرپور ردھم میں نظر آئے، دوسرے پیسر راحت علی بھی بولنگ کوچ اظہر محمود کی خاص توجہ کا مرکز بنے، حسن علی اور محمد عباس نے لائن اور لینتھ بہتر بنائی۔
سردی کی وجہ سے چند کرکٹرز نے سوویٹرز اور کوچنگ اسٹاف کے کئی ارکان نے کیپس پہنے رکھیں۔
اپنی رائے کا اظہار کریں