اور اب رکھا جاٸے گا کھلاڑیوں کی فٹنس کا ڈیجیٹل ریکارڈ
کھلاڑیوں کی فٹنس اور ٹریننگ کا مکمل ٹریک ریکارڈ رکھنے کے لیے پی سی بی نے ڈیجٹل اسٹیٹس سے معاہدہ کرلیا
لاہور، 28 مارچ 2022ء:
پاکستان کرکٹ بورڈ نے اپنے انٹرنیشنل اور ڈومیسٹک کھلاڑیوں کی فٹنس کا مکمل ٹریک ریکارڈ رکھنے کے لیے ڈیجٹل اسٹیٹس سےتین سال کا معاہدہ کرلیا ہے۔ امریکی کمپنی، ڈیجٹل اسٹیٹس، ویڈیو اینالیٹکس اور آرٹیفیشل انٹیلیجنس میں مہارت رکھتی ہے۔
یہ تقریب پاکستان کرکٹ بورڈ کے ہیڈ کوارٹرز قذافی اسٹیڈیم لاہور میں منعقد ہوئی، جہاں پی سی بی کے چیف ایگزیکٹو فیصل حسنین اور ڈیجٹل اسٹیٹس کے چیف ٹیکنالوجی آفیسر محمد اویس جنجوعہ نےتین سالہ معاہدے پر دستخط کیے۔
معاہدے کے مطابق ڈیجٹل اسٹیٹس نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر کوانٹیلیجنس پلیئرز منیجمنٹ کی طرز پر ایک مربوط سافٹ وئیر بنا کر دے گی۔ اس سافٹ ویئر کے تحت این ایچ پی سی کو ویڈیو اینالیٹکس، کوچنگ اینالیٹکس اور کھلاڑیوں کے ڈیٹا کے ذریعے ڈومیسٹک اور انٹرنیشنل کھلاڑیوں کی فٹنس ، ٹریننگ، صحت، غذاء اور تکنیکی ڈیٹا سے متعلق تحقیقی مواد فراہم کیا جائے گا۔
اس تحقیقی مواد کا جائزہ لینے کے لیے پی سی بی اپنی تمام ایسوسی ایشنز کے کوچز، ٹرینرز اور فزیوز کو اس سافٹ ویئر تک رسائی فراہم کرے گا۔
اپنی رائے کا اظہار کریں