پی سی بی مقامی انتظامیہ کے ساتھ ملکر ڈومیسٹک کرکٹ میں بہتری کو پرعزم
بی او جی کے 64ویں اجلاس کی کارروائی
لاہور،31 جولائی 2021ء:
پی سی بی بورڈ آف گورنرز کا چونسٹھواں اجلاس ہفتہ کو نیشنل ہائی پرفارمنس سنٹر میں ہوا۔ مسٹر عاصم واجد جواد اور مسٹر جاوید قریشی ویڈیو کانفرنس کے ذریعے اجلاس کی کارروائی میں شریک ہوئے ۔
بورڈ کو چار آئینی کمیٹیوں آڈٹ کمیٹی ، کمرشل افئیرز کمیٹی ، نامزدگی کمیٹی اور رسک مینجمنٹ کمیٹی سے اپ ڈیٹس موصول ہوئیں اور انہیں چیئرمین اور چیف ایگزیکٹو کی رپورٹس بھی پیش کی گئیں۔
کرکٹ ایسوسی ایشن کے پہلے بورڈز کے تین چیئرپرسن عبداللہ خان سنبل (سنٹرل پنجاب) ، انور زیب جان (خیبر پختونخواہ کرکٹ ایسوسی ایشن) اور محمد انیس خواجہ (سدرن پنجاب کرکٹ ایسوسی ایشن) نے بھی بطور مبصر سیشن میں شرکت کی۔ بورڈ کے دیگر تین چیئرپرسن قیصر خان جمالی (بلوچستان کرکٹ ایسوسی ایشن) ، سلیم اصغر میاں (ناردرن کرکٹ ایسوسی ایشن) اور عمران حسین (سندھ کرکٹ ایسوسی ایشن) 65 ویں بی او جی اجلاس میں بطور مبصر شرکت کریں گے۔
تینوں چیئرپرسنز نے اپنی کرکٹ ایسوسی ایشن کے اہداف اور مقاصد کے بارے میں پریزنٹیشن دی ,جس کا مقصد مستقبل میں پاکستان کرکٹ کو مزید مضبوط بنیادوں پر استوار کرنا ہے۔
چیئرپرسنز نے اپنے دائرہ اختیار میں ہونے والے پروگراموں کے شیڈول کو کلبوں ، اسکولوں ، کالجز اور یونیورسٹی کرکٹ کی ٹائم لائن کے ساتھ پیش کیا۔ یہ تقریبات رواں سال کے آخر میں شروع ہوں گی اور اگلے سال کے وسط تک جاری رہیں گی۔
بورڈ نے کرکٹ ایسوسی ایشنز کے بنیادی ڈھانچے کی بہتری کے منصوبوں کو دلچسپی کے ساتھ نوٹ کیا، اس میں ہائی پرفارمنس سنٹر قائم کرنا اور شہروں میں مقامی انتظامیہ کے ساتھ مل کر کھیل سہولیات فراہم کرنا شامل ہے۔
بی او جی نے امید افرا آغاز اور اہداف مقرر کرنے پر چیئرمینوں اور ان کے عملے کی کوششوں کو سراہا، بی او جی نے اس موقع پر اپنی مکمل مدد کی یقین دہانی کرتے ہوئے اس بات کا اعادہ کیا کہ بنیادی سطح کے کلب اور سکول کی سطح پر سرگرمیوں کو جلد از جلد دوبارہ شروع کیا جائے اس کے لیے بنیادی سطح کی کرکٹ پر خصوصی توجہ دی جانی چاہیے تاکہ ٹیلنٹ کو پہچانا جا سکے۔
اپنی رائے کا اظہار کریں