اس کا کوئی فائدہ نہیں “،ظہیر عباس نے پی سی بی کو آئینہ دکھا دیا “
اس کا کوئی فائدہ نہیں “،ظہیر عباس نے پی سی بی کو آئینہ دکھا دیا “
لاہور: ایشین بریڈ مین ظہیر عباس نے بھی پی سی بی کی بھارت کیخلاف قانونی جنگ کو لاحاصل قرار دیدیا۔
ایشین بریڈ مین اور آئی سی سی کے سابق چیئرمین ظہیر عباس نے ایک انٹرویو میں کہاکہ پی سی بی کی بھارت کیخلاف قانونی چارہ جوئی کا کوئی فائدہ ہوتا نظر نہیں آتا، بی سی سی آئی باہمی سیریز کی یادداشت کو معاہدہ تسلیم کرنے کو تیار نہیں،بورڈ کے پاس بہت پیسہ ہے لیکن آخر میں کچھ حاصل نہ ہوتو وقت اور سرمایہ برباد کرنے کا کوئی مقصد نہیں بنتا۔
ظہیر عباس نے کہا آئی سی سی کی تنازعات کمیٹی میں کیس دائر کرنے کے بجائے بات چیت سے معاملہ حل کرنے کی کوشش کرتے تو شاید کچھ مل جاتا، کیس ہار گئے تو ملک کی بدنامی بھی ہوگی۔انھوں نے کہا کہ پی سی بی کے پاس موجود سرمایہ کرکٹرز کی وجہ سے ہے جو ان پر ہی خرچ کیا جائے تو بہتر ہوگا، سمجھداری اسی میں تھی کہ پیسہ بھی بچاتے اور معاملہ بھی حل کرتے لیکن ایسا کرنے کے بجائے قانونی جنگ چھیڑ دی گئی۔
ماضی میں پی سی بی کا ایڈوائزز رہنے کے بعد نجم سیٹھی کے دور میں نظرانداز کیے جانے کے سوال پر ظہیر عباس نے کہا کہ ہوسکتا ہے انھیں ایسے مشیر مل گئے ہوں جو کرکٹ معاملات کو زیادہ بہتر جانتے ہوں،میں کسی سے دور رہنے کی کوشش نہیں کرتا،اگر کھیل کی بہتری کی بات ہوتو پیش پیش رہتا ہوں۔
اپنی رائے کا اظہار کریں