قومی ٹیم کے کوچ نے معاہدے سے ایک سال قبل ہی اپنے عہدے سے استعفیٰ دینے کا فیصلہ کرلیا، پی سی بی کی دوڑیں لگ گئیں
لاہور:دورہ انگلینڈ پر موجود پاکستانی کرکٹ ٹیم کیلئے اس وقت بری خبر یہ ہے کہ فیلڈنگ کوچ سٹیو رکسن نے عہدہ چھوڑنے کا فیصلہ کرلیا ہے اور انہوں نے اس حوالے سے پی سی بی کو بھی آگاہ کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سٹیو رکسن نے فیلڈنگ کوچ کا عہدہ چھوڑنے کا حتمی فیصلہ کرلیا ہے اور انہوں نے پی سی بی کو اپنے اس فیصلے سے آگاہ کرتے ہوئے نئے فیلڈنگ کوچ کی تلاش کا پیغام پہنچا دیا ہے۔
ویب کی رپورٹ کے مطابق سٹیو رکسن نے فیلڈنگ کوچ کا عہدہ چھوڑنے کی وجہ نجی مصروفیات کو قرار دیا ہے جبکہ پی سی بی نے سٹیو رکسن کو منانے کی کوششیں بھی شروع کر دی ہیں اور بورڈ حکام کو امید ہے کہ قومی کرکٹ ٹیم کے فیلڈنگ کوچ اپنا کنٹریکٹ مکمل کریں گے۔
خیال رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ اورسٹیو رکسن کے مابین معاہدہ 2019 ءورلڈ کپ تک کا ہے۔ اس دوران انہیں قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کو فیلڈنگ کی کوچنگ کرنی ہے۔64 سالہ فیلڈنگ کوچ 2016 ءسے پاکستانی کرکٹ ٹیم کے ساتھ منسلک ہیں۔
سٹیو رکسن کی کوچنگ کے دوران قومی کرکٹ ٹیم نے بہت سی فتوحات حاصل کی ہیں۔پاکستان کو ملنے والی فتوحات میں چیمپئنز ٹرافی 2017 ءکی فتح سب سے زیادہ نمایاں اور قابل ذکر ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم ان دنوں ٹیسٹ سیریز کیلئے انگلینڈ میں موجود ہیں اور شاداب خان کی شاندار باؤلنگ کی بدولت پاکستان نے اپنے دوسرے پریکٹس میچ میں نارتھمپٹن شائر کو 259 رنز پر ٹھکانے لگا کر بغیر کسی نقصان کے 6 رنز بنا لیے ہیں۔
اپنی رائے کا اظہار کریں