پاک ملاٸیشیا ویمن بیس بال۔ پاکستان کی یکطرفہ فتح
پریس ریلیز
پاکستان ویمن بیس بال ٹیم نے ملائیشیا کی ویمن بیس بال ٹیم کو اموجا بلڈرز ویمن بیس بال سیریز کے پہلے میچ میں 12-0سے ہرادیا۔
پاکستان اور ملائیشیا کی نیشنل ویمن بیس بال ٹیموں کے مابین تین میچوں پر مشتمل اموجا بلڈرز ویمن بیس بال سیریز کا بحریہ ٹاؤن لاہور میں آغاز ہوگیا۔ سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان ٹیم نے ملائیشیا کی ٹیم کو 12-0 سے ہرادیا۔
سیریز کی افتتاحی تقریب کے مہمان خصوصی پاکستان فیڈریشن بیس بال کے چیئرمین شوکت جاوید تھے۔ پاکستان فیڈریشن بیس بال کے صدر سید فخر علی شاہ نے مہمان خصوصی اور دیگر مہمانوں کا استقبال کیا۔ اس موقع پرویمن ونگ کی چیئرپرسن سعدیہ علوی، پنجاب بیس بال ایسوسی ایشن کی نائب صدر ڈاکٹر شاھین گلریز، پاکستان بیس بال ٹیم کے ہیڈ کوچ مصدق حنیف، بیس بال امپائرنگ ایسوسی ایشن کے چیئرمین جمیل کامران، ملائیشین بیس بال فیڈریشن کے صدر سزالی حسین، لیگل ایڈوائزر فخر امیر کاظمی، پاکستان ٹیم کے کوچ طارق ندیم اور عمیر امدا د بھٹی اور ملائیشین ٹیم کی کوچ روحیدہ بنت حسن بھی موجو د تھے۔ ان کے علاوہ دیگر مہمانوں میں کرنل آصف ڈار، محمد یاسین اور کھیلوں سے تعلق رکھنے والی کئی شخصیات موجود تھیں۔
مہمان خصوصی شوکت جاوید نے گیند پچ کرکے سیریز کا افتتاح کیا۔ قومی ترانے کے بعد مہمان خصوصی سے دونوں ٹیموں کا تعارف کروایا گیا۔ پہلے میچ کے لئے چیف امپائر کے فرائض عمران مغل نے سرانجام دئیے جبکہ ان کا ساتھ دینے والوں میں محمد زبیر وٹو، ظفر حسین وڑائچ اور نفیزہ بنت محمد تائب شامل تھے۔
اس موقع پر مہمان خصوصی شوکت جاوید نے ملائیشین ویمن بیس بال ٹیم کو پاکستان میں خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ پاکستان سمیت خطے میں بیس بال کے فروغ کے لئے اقدامات کریں گے۔ ملائیشین ویمن بیس بال ٹیم کا پاکستان آنا خوش آئند ہے۔
سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان ٹیم نے ملائیشیا کی ٹیم کو 12-0 سے شکست دے دی۔ پاکستان ٹیم کی جانب سے قیادت کے فرائض سرانجام دینے والی زینب ریاض اور مدیحہ رشید نے 3 رن، آسیہ صدیقہ نے 2 رن جبکہ حمیرا خان، زاہدہ غنی، نورینہ اور عائشہ اعجاز نے 1 رن سکورکیا۔
پاکستان فیڈریشن بیس بال کے صدر سید فخر علی شاہ کے مطابق سیریز کے دوسرے میچ کے مہمان خصوصی اموجا بلڈرز کے سی ای او اسامہ احمد ہوں گے۔ سیریز کا دوسرا میچ 28 اور تیسرا میچ 29 مارچ کو کھیلا جائے گا۔
اپنی رائے کا اظہار کریں