پاک آسٹریلیا ٹیسٹ سیرز ٹکٹوں کی فروخت آج سے شروع
ٹک ٹاک اسپانسرڈ پاکستان بمقابلہ آسٹریلیا ٹیسٹ سیریز کی ٹکٹوں کی فروخت آج سے شروع ہوگی
لاہور، 25 فروری 2022ء:
پاکستان کرکٹ بورڈ نے اعلان کیا ہے کہ ٹک ٹاک پاکستان بمقابلہ آسٹریلیا ٹیسٹ سیریز کا آفیشل اسپانسر ہوگا۔دونوں ٹیموں کے مابین تاریخی سیریزکا آغاز چار مارچ کو راولپنڈی سے ہوگا۔ٹائٹل اسپانسر کی حیثیت سے ٹک ٹاک کرکٹ مداحوں کو اپنی ایپ پر خصوصی کرکٹ ویڈیوز بنانے کا موقع فراہم کرے گا۔
اس کے علاوہ پی سی بی اس سیریز کے آغاز سے قبل ٹک ٹاک پر اپنا آفیشل اکاؤنٹ بنائے گا، جہاں شائقین کرکٹ کے لیے خصوصی کنٹنٹ اپلوڈ کیا جائے گا۔
اس تاریخی سیریز کے لیے ٹکٹوں کی فروخت 25 فروری بروز جمعہ سے شروع ہوجائے گی۔ سیریز کا پہلا ٹیسٹ چار سے آٹھ مارچ تک راولپنڈی، دوسرا بارہ سے سولہ مارچ تک کراچی اور تیسرا ٹیسٹ اکیس سے پچیس مارچ تک لاہور میں کھیلا جائے گا۔اس سیریز کے لیے ٹکٹوں کی قیمتیں مندرجہ ذیل ہیں:
• جنرل: 100 روپے
• فرسٹ کلاس: 200 روپے
• پریمیم: 350 روپے
• وی آئی پی: 500 روپے
سیریز کی ٹکٹیں 25 فروری سے بک می کی آفیشل ویب سائٹ پر دستیاب ہوں گی۔اس کے علاوہ ایم اینڈ پی کوریئر کے آؤٹ لیٹس پر بھی ٹکٹیں دستیاب ہوں گی۔تمام ٹکٹ ہولڈرز کے لیے ضروری ہے کہ وہ اسٹیڈیم میں داخلے کے وقت اپنا شناختی کارڈ اور مکمل ویکسینیشن سرٹیفیکٹ اپنے ہمراہ رکھیں۔
پہلے مرحلے میں پچاس فیصد ٹکٹیں فروخت کی جائیں گی، جس کے بعد این سی او سی سے تماشائیوں کی تعداد میں وضاحت کے بعد باقی ٹکٹیں فروخت کے لیے پیش کی جائیں گی۔
فیصل حسنین، چیف ایگزیکٹو پی سی بی:
پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو فیصل حسنین کا کہنا ہے کہ ایچ بی ایل پی ایس ایل کے ذریعے پی سی بی اور ٹک ٹاک کے درمیان ایک بہترین رشتہ قائم ہوچکا ہے۔اس حوالے سے آسٹریلیا کے چوبیس سال بعد دورہ پاکستان میں شامل ٹیسٹ سیریز کی آفیشل اسپانسرشپ حاصل کرنے پر وہ ٹک ٹاک کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔
پاؤل کاترب، ہیڈ آف برانڈ مارکیٹنگ برائےٹک ٹاک مشرق وسطیٰ، ترکی، افریقہ اور پاکستان:
پاؤل کاترب کا کہناہے کہ وہ پاکستان بمقابلہ آسٹریلیاٹیسٹ سیریز کی ٹائٹل اسپانسرشپ حاصل کرنے پر بہت خوش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹک ٹاک ایک ایسا پلیٹ فارم ہے جہاں صارفین ایک منفرد انداز سے اپنے پسندیدہ کھیل کو فالو کرتے ہیں۔ وہ پرامید ہیں کہ کرکٹ کے مداح پاکستان بمقابلہ آسٹریلیا سیریز کے دوران ٹک ٹاک پر دستیاب دلچسپ کنٹنٹ سے محظوظ ہوں گے۔
– ENDS –
اپنی رائے کا اظہار کریں