چیٸرمین کرکٹ بورڈ رمیض راجہ پاک آسٹریلیا ٹیموں کے مشکور
رمیز راجہ کی پاکستان اور آسٹریلیا کی کرکٹ ٹیموں کو مبارکباد
لاہور، 6 اپریل 2022ء:
پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین رمیز راجہ نے پاکستان اور آسٹریلیا کی کرکٹ ٹیموں کو 38 روزہ تاریخی دورے میں شاندار اور سنسنی خیز کرکٹ کھیلنے پر مبارکباد پیش کی ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ 15 روز پر مشتمل تین ٹیسٹ میچز کی سیریز کے فاتح کا تعین سیریز کے آخری گھنٹے میں ہوا جبکہ محدود طرز کی کرکٹ میں دونوں ٹیموں کی جانب سے اعلیٰ معیار کی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا گیا۔ اس دوران دونوں سائیڈز کی طرف سےایک دوسرے کے لیے جس احترام کا مظاہرہ کیا گیا وہ مثالی اور کرکٹ کے کھیل کی بھرپور ترجمانی تھی۔
چیئرمین پی سی بی نے مزید کہا کہ دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں نے میدان کے اندر اور باہر اپنے رویے کے ذریعے اسپرٹ آف کرکٹ اور کھیل کی اقدار کو پروان چڑھایا۔
رمیز راجہ کا کہنا ہے کہ آسٹریلیا کے کھلاڑی اور آفیشلز اپنے ذاتی تجربے اور مشاہدے کے بعداب پاکستان سے حسین یادیں لیے واپس اپنے گھر روانہ ہورہے ہیں، جہاں وہ پاکستان کے بڑے وکیل اور خیر سگالی کے سفیر بنیں گے۔
انہوں نے کہا کہ جس طرح دونوں ٹیموں نے اس سیریز کے ذریعے پاکستان کے اندر اور باہر شائقینِ کرکٹ کے دل جیتےہیں، اس پر عالمی کرکٹ بھی ان کی شکرگزار ہے۔ بلاشبہ اس تاریخی سیریز کے انعقاد سے پاکستان اور عالمی کرکٹ کے رتبہ میں بھی اضافہ ہواہے۔
انہوں نے کہا کہ اس سیریز کے لئے اپنے بہترین دستیاب کھلاڑیوں کو پاکستان بھیجنے پر وہ تہہ دل سے کرکٹ آسٹریلیا کا شکریہ ادا کرنا چاہتے ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ وہ پی سی بی کے عملہ کے بھی مشکور ہیں کہ جنہوں نے ایچ بی ایل پی ایس ایل 7 کے فوری بعد منعقدہ اس سیریز کو کامیاب بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔
چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ وہ پاکستان کرکٹ کے پرجوش فینز کے بھی شکر گزار ہیں کہ جنہوں نے تینوں وینیوز پر دونوں ٹیموں کی دل و جان سے حوصلہ افزائی کرکے سیریز کو بڑی کامیابی سے ہمکنار کیا۔
انہوں نے کہا کہ وہ تمام سیکیورٹی ایجنسیز، مقامی اور وفاقی حکومتوں، اپنے قابل قدر کمرشل پارٹنرز اور براڈکاسٹرز کا بھی شکریہ ادا کریں گے کہ جنہوں نے دنیا بھر کے ناظرین کو بہترین ٹرانسمیشن مہیا کرنے میں کلیدی کردار ادا کیا۔
اپنی رائے کا اظہار کریں