محمد رضوان کی کپتانی ۔ قاٸم ہے ملتان کی سلطانی
دفاعی چیمپئن ملتان سلطانز نے ایچ بی ایل پی ایس ایل 7 کے فائنل میں رسائی حاصل کرلی
لاہور، 23 فروری 2022ء:
قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے ایچ بی ایل پی ایس ایل 7 کے کوالیفائر میں ملتان سلطانز نے لاہور قلندرز کو 28 رنز سے ہرا کر ٹورنامنٹ کے فائنل میں رسائی حاصل کرلی ہے۔ 164 رنز کے تعاقب میں لاہور قلندرز کی ٹیم مقررہ بیس اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 135 رنز ہی بناسکی۔
مطلوبہ ہدف کے تعاقب میں لاہور قلندرز کی پہلی وکٹ اس وقت گری جب عبداللہ شفیق 17 کے مجموعی اسکور پر آصف آفریدی کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوگئے۔ کامران غلام اور محمد حفیظ بھی بالترتیب 20 اور صفر اسکور پر آؤٹ ہوگئے۔
ان فارم بیٹر فخر زمان نےشاندار بیٹنگ کرتے ہوئے ٹورنامنٹ میں اپنی ساتویں نصف سنچری اسکور کی۔ بائیں ہاتھ کے بیٹر نے اننگز کے بارہویں اور تیرہویں اوور میں چار چھکے لگا کرمیچ کا پانسہ پلٹنے کی کوشش بھی کی تاہم وہ پندرہویں اوور میں 45 گیندوں پر چار چھکوں اور دو چوکوں کی مدد سے 63 رنز بناکر آؤٹ ہوئے تو قلندرز کی امیدیں دم توڑ گئیں۔ انہوں نے چوتھی وکٹ کے لیے ہیری بروک کے ہمراہ 54 رنز کی شراکت قائم کی۔ ہیری بروک 13 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
نئے آنے والے بیٹر سمت پٹیل 11جبکہ فل سالٹ اور شاہین آفریدی ایک ایک رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔
لاہور قلندرز کو جیت کے لیے آخری 2 اوورز میں 38 رنزدرکار تھےتاہم رومان رئیس نے انیسویں اوور میں صرف دو رنزدے کر ایک وکٹ حاصل کرکے میچ میں ملتان سلطانز کی گرفت مزید مضبوط کردی۔لاہور قلندرز کی ٹیم مقررہ بیس اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 135 رنز ہی بناسکی۔
شاہنواز دھانی نے تین جبکہ ڈیوڈ ویلے نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ رومان رئیس، آصف آفریدی اور خوشدل شاہ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
اس سے قبل لاہور قلندرز نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تو محمد حفیظ نے اننگز کے دوسرے ہی اوور میں ان فارم اوپنر شان مسعود کو 2 کے انفرادی اسکور پر آؤٹ کرکے اسے درست بھی ثابت کردیا۔ تیسرے نمبر پر میدان میں اترنے والے عامر عظمت نے کچھ مزاحمت ضرور کی تاہم وہ بھی 5 چوکوں کی بدولت 33 کے انفرادی اسکور پر آؤٹ ہوکر پویلین واپس لوٹ گئے۔
پچاس کے مجموعی اسکور پر دو وکٹیں گنوانے کے بعد ملتان سلطانز کےکپتان محمد رضوان نے تجربہ کار بیٹر رائیلی روسو کے ہمراہ کریز سنبھالی اور ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے کھیل کو آخری اوور تک لیجانے کی کوشش کی۔ دونوں کھلاڑیوں نے تیسری وکٹ کے لیے 79 گیندوں پر 113 رنز کی ناقابل شکست شراکت قائم کرکے ٹیم کا مجموعہ 160 کے پار پہنچا دیا۔ ایک چھکے اور سات چوکوں کی مدد سے رائیلی روسو 65 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔ محمد رضوان نے 51 گیندوں پر تین چوکوں کی بدولت 53 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔
محمد حفیظ اور سمت پٹیل نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
اپنی رائے کا اظہار کریں