پی ایس ایل ہسٹری کی بدترین شکست ۔ ملتان سلطان سے سب پریشان
ملتان سلطانز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو ایچ بی ایل پی ایس ایل کی تاریخ کی سب سے بڑی شکست دے دی
لاہور، 18 فروری 2022ء:
قذافی اسٹیڈیم لاہورمیں کھیلے گئے میچ میں دفاعی چیمپئن ملتان سلطانز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 117 رنز کے بھاری مارجن سے شکست دے کر ٹورنامنٹ میں آٹھویں کامیابی حاصل کرلی ہے۔یہ ایچ بی ایل پی ایس ایل کی تاریخ میں رنز کے اعتبار سے سب سے بڑی شکست ہے۔
فاتح ٹیم کےکپتان محمد رضوان سمیت ان فارم ٹاپ آرڈرزرائیلی روسو اور شان مسعود نے شاندار نصف سنچریاں اسکور کرکےاس ایڈیشن کا پہلا جبکہ لیگ کی تاریخ کا دوسرا سب سے بڑا مجموعہ اسکور کیا۔
246 رنز کے تعاقب میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی بیٹنگ لائن اپ مکمل طور پر ناکام ہوگئی اور پوری ٹیم 128 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے سات بیٹرز ڈبل فگرز میں بھی داخل نہ ہوسکے۔ مڈل آرڈر بیٹر عمر اکمل 23 گیندوں پر چھ چھکوں اور دو چوکوں کی بدولت 50 رنز بناکر نمایاں رہے۔ ڈبل فگرز میں داخل ہونے والے باقی دو بیٹرز جیسن رائے نے 38 اور سرفراز احمد نے ناٹ آؤٹ 17 رنز اسکور کیے۔
ملتان سلطانز کے ڈیوڈ ویلے، شاہنواز دھانی ، خوشدل شاہ اور آصف آفریدی نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ عمران طاہر نے ایک وکٹ حاصل کی۔
اس سے قبل ملتان سلطانز نے تینوں ان فارم ٹاپ آرڈرز کی نصف عمدہ سنچریوں کی بدولت مقررہ بیس اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 245 رنز بنائے تھے۔یہ ایچ بی ایل پی ایس ایل کی تاریخ کا دوسرا سب سے بڑا مجموعہ ہے۔ اسلام آباد یونائیٹڈ نے گزشتہ ایڈیشن میں پشاور زلمی کے خلاف 2 وکٹوں کے نقصان پر 247 رنز کا مجموعہ بنایا تھا۔ جو اب تک لیگ کی تاریخ میں کسی بھی ٹیم کا سب سے بڑا مجموعہ ہے۔
کپتان محمد رضوان اور شان مسعود کی جوڑی نے فاتح ٹیم کو 119 رنز کا بہترین آغاز فراہم کرکے بڑے مجموعے کی بنیاد رکھی۔ وکٹ کیپر بیٹر نے 54 گیندوں پر 7 چوکوں اور 3 چھکوں کی بدولت 83 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ شان مسعود 150 کے اسٹرائیک ریٹ سے ایک چھکے اور 6 چوکوں کی مدد سے 57 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔
رہی سہی کسر جنوبی افریقی بیٹر رائیلی روسو نے نکالی۔ انہوں نے 26 گیندوں پر 273 کے اسٹرائیک ریٹ سے 71 رنز کی برق رفتار اننگز کھیلی۔ ان کی اننگز میں 9 چوکے اور 4 چھکے شامل تھے۔محمد عرفان، نسیم شاہ اور غلام مدثر نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
اپنی رائے کا اظہار کریں