پی ایس ایل کا 7UP راٶنڈ شروع ۔ ملتان نے اُچک لیا
ملتان سلطانز نے لاہور قلندرز کو بآسانی 7 وکٹوں سے ہرادیا
کراچی،26 فروری 2021ء:
نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے ایچ بی ایل پی ایس ایل کےساتویں میچ میں ملتان سلطانز نے 158رنز کا ہدف 22 گیندیں قبل 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔فاتح ٹیم کی یہ ایونٹ میں پہلی کامیابی ہے۔
ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان کو 155 سے زائدکے اسٹرئیک ریٹ کے ساتھ 76 رنز کی دھواں دھار اننگز کھیلنے پر مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔
مطلوبہ ہدف کے تعاقب میں ملتان سلطانز نے اپنی بیٹنگ کا آغاز کیا تو اوپنر کرس لین اننگز کی تیسری ہی گیند پر بغیر کوئی رن بنائےاور جیمز ونس 5 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے تاہم دوسرے اوپنراور ان فارم بلے باز محمد رضوان نے دوسرے اینڈ سے پراعتماد اور جارحانہ بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھا۔
انہوں نے صہیب مقصود کے ہمراہ تیسری وکٹ کے لیے 110 رنز کی عمدہ پارٹنرشپ قائم کرکے جیت کی بنیاد رکھی۔ وکٹ کیپر بیٹسمین 49 گیندوں پر 76 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ملتان سلطانز کے کپتان کی یہ ایونٹ میں دوسری نصف سنچری ہے۔
انہیں شاہین آفریدی نے پویلین کی راہ دکھائی۔یہ شاہین آفریدی کے ٹی ٹونٹی کرکٹ کیرئیر کی 100ویں وکٹ تھی۔وہ یہ کارنامہ سرانجام دینے والے دنیا کے کم عمرترین فاسٹ باؤلر ہیں۔
صہیب مقصود نے 61 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ ان کی اننگز میں 7 چوکے اور 2 چھکے شامل تھے۔ رائیلی روسو ایک رن بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
ملتان سلطانز نے مطلوبہ ہدف16.2 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔
لاہور قلندرز کے شاہین شاہ آفریدی نے 2 جبکہ سمت پٹیل نے 1 وکٹ حاصل کی۔
اس سے قبل ملتان سلطانز نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تو لاہور قلندرز کےاوپنرز اننگز کا متاثرکن آغاز کرنے میں ناکام رہےاور جلد آؤٹ ہوکر پویلین واپس لوٹ گئے۔فخر زمان 9 اور سہیل اختر 7 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔
17 کے مجموعی اسکور پر ابتدائی 2 وکٹیں گنوانے کے بعد ان فارم بیٹسمین محمد حفیظ نے لاہورقلندرز کے لیے ڈیبیو کرنے والے انگلش کرکٹر جو ڈینلی کے ہمراہ رنز بنانے کا سلسلہ شروع کیا۔ دونوں بلے بازوں نے تیسری وکٹ کے لیے 89 رنز کی شراکت قائم کی۔
محمد حفیظ نے 35 گیندوں پر 5 چھکوں اور 3 چوکوں کی مدد سے 60 رنز کی اننگز کھیلی۔یہ ان کی ٹی ٹونٹی کرکٹ میں مسلسل دوسری اور مجموعی طور پر 41 ویں نصف سنچری تھی۔جو ڈینلی 31 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔
جس کے بعد لاہور قلندرزکے تیزی سے بننے والے رنز کا سلسلہ تھم گیا۔ سمت پٹیل 20 گیندوں پر 26 اور شاہین شاہ آفریدی 3 گیندوں پر 3 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔ اس دوران ڈیوڈ ویزے 13 اور بین ڈنک 1 رن بناکر آؤٹ ہوئے۔
لاہور قلندرز نے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 157 رنز بنائے۔کارلوس بریتھ ویٹ اور شاہنواز دھانی نے 2،2 جبکہ عثمان قادر نے ایک وکٹ حاصل کی۔
اپنی رائے کا اظہار کریں