مورگن نے نوجوان کھلاڑیوں پر زور دیا ہے کہ ٹی 10 ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام میں شمولیت اختیار کریں
یہ دنیا کا پہلا ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام میں جس میں تجربہ کار اور پیشہ ور کرکٹر اسمارٹ فون ایپ کی مدد سے اپنے فن کا مظاہرہ کرسکتے ہیں
ابوظبی 23 اکتوبر2019
ورلڈ چیمپین انگلینڈ کے کپتان آئن مورگن نے نوجوان کھلاڑیوں سے کہا ہے کہ وہ ابوظبی ٹی 10 کے ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام میں ضرورشمولیت اختیار کریں یہ عالمی سطح پر پروگرام ہے جس میں 8 کھلاڑی چنے جائیں گے۔
ابوظبی ٹی 10 دنیا کی واحد ٹی 10 لیگ جس کی آئی سی سی نے باضابطہ منظوری دی ہے اور اس کا اجازت نامہ امارات کرکٹ بورڈ سے حاصل کیا گیا ہے۔ ابوظبی ٹی 10 لیگ نے یواے ای کی کمپنی ڈریم ٹو پلے کے تعاون سے اپنی نوعیت کا منفرد ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام شروع کیا ہے جس کے ذریعے دنیا بھر کے ابھرتے ہوئے پیشہ ور کرکٹر ابوظبی ٹی 10 لیگ کھیلنے کے لئے درخواست دے سکتے ہیں۔
آئن مورگن نے نوجوان کھلاڑیوں کو مدعو کرتے ہوئے کہا کہ میں ٹیم کی قیادت کررہا ہوں اور ٹیم کا حصہ ہوتے ہوئے خواہش رکھتا ہوں کہ دنیا کے بہترین کھلاڑی ابوظبی ٹی 10 لیگ میں کھیلتے نظرآئیں۔ یہ دنیا کا مختصر ترین کرکٹ فارمیٹ ہے اور بہت زیادہ دلچسپ بھی۔ اس منفرد فارمیٹ میں دنیا کی 8 سے 10 ٹیمیں محض 10 سے 12 روز میں ایک ٹورنامنٹ کھیل سکتی ہیں۔
آئن مورگن نے اسپورٹس ٹیکنالوجی کمپنی ڈریم ٹو پلے کے ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کا ذکرکرتے ہوئے کہا کہ اس کمپنی کی ابوظبی ٹی 10 لیگ سے شراکت داری ہے اور یہ 8 ابھرتے ہوئے نوجوان کھلاڑیوں کی تلاش میں ہے جو ابوظبی ٹی 10 لیگ کا حصہ بنیں گے۔آئن مورگن کو دہلی بلز نے آئیکون کھلاڑی کے طور پر چنا ہے۔
دنیا کے پہلے ڈیجیٹل ٹو فیزیکل ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام میں نوجوان کھلاڑی اپنی آن لائن پروفائل بناسکتے ہیں اور پرفارمنس کی ویڈیو اپ لوڈ کرسکتے ہیں۔ اس مقصد کے لئے انہیں ایک ایپ ڈریم ٹو پلے ڈاؤن لوڈ کرنا ہوگی جو پلے اسٹور پر دستیاب ہے۔ ڈریم ٹو پلے 100 باصلاحیت اور ابھرتے ہوئے کھلاڑیوں کی ایک فہرست جیوری کو پیش کرے گا۔ ابوظبی ٹی 10 لیگ میں شریک ہر ٹیم خصوصی ڈرافٹنگ کےذریعے ایک یا دو کھلاڑیوں کو اپنے اسکواڈ میں شامل کرے گی۔ ایپ کے ذریعے شرکت نہایت ہی آسان ہے ۔ یہ مرحلوں پر مشتمل ہے جس میں سائن اپ، شرکت کی فیس کی ادائیگی، صلاحیت پر مشتمل ویڈیو اپ لوڈ کرنا اور رجسٹریشن کرنا ہے۔ اس پروگرام میں شرکت کی فیس 30 ڈالر رکھی گئی ہے۔
چیئرمین ابوظبی ٹی 10 لیگ نواب شجیع الملک کا کہنا ہے کہ ابوظبی ٹی 10 لیگ کا مومینٹم بن رہا ہے اور بہترین ٹیلنٹ کو اس مقابلے میں لانا چاہتے ہیں۔ ابوظبی ٹی 10 لیگ کا ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام انتہائی منفرد ہے یہ نئے ٹیلنٹ کے لئے لانچنگ پیڈ بھی ثابت ہوسکتا ہے۔ اس پروگرام کے ذریعے منتخب 8 کھلاڑیوں کو ابوظبی ٹی 10 لیگ کے تیسرے ایڈیشن میں شرکت کا موقع ملے گا جو 14 سے 24 نومبر 2019 تک ابوظبی میں شیڈول ہے ۔
.
اپنی رائے کا اظہار کریں