ایم سی سی کے خلاف ٹی ٹونٹی میچ میں ناردرن کی قیادت روحیل نذیر کریں گے
ایم سی سی کے خلاف پاکستان شاہینز کی قیادت سعود شکیل کریں گے
اے سی سی ایمرجنگ ٹیمز ایشیا کپ 2019 کی فاتح ٹیم کے کپتان سعود شکیل کو پاکستان شاہینز کا کپتان مقرر کردیا گیا ہے۔ 24 سالہ سعود شکیل مارلی بون کرکٹ کلب کے خلاف 50 اوورز پر مشتمل میچ میں پاکستان شاہینز کی قیادت کریں گے۔ ایم سی سی کی ٹیم 13 سے 19 فروری تک لاہور کا دورہ کرے گی تاہم دورے کے دوران شیڈول میچوں کی حتمی تاریخوں کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔
اے سی سی ایمرجنگ ٹیمز ایشیا کپ 2019 کے فائنل میں بنگلہ دیش کو 77 رنز سے شکست دینے والی قومی ایمرجنگ ٹیم کے اسکواڈ میں شامل11 کھلاڑیوں کو پاکستان شاہینز میں برقرار رکھا گیا ہے۔ایونٹ کا فائنل نومبر 2019 میں ڈھاکہ میں کھیلا گیا تھا۔ سعود شکیل کے علاوہ اسکواڈ میں شامل عاکف جاوید، حیدر علی، حسن محسن، عمران رفیق، محمد محسن، عمیر بن یوسف، روحیل نذیر، سیف بدر، ثمین گل اور عمر خان کو ایم سی سی کے خلاف اسکواڈ میں برقرار رکھا گیا ہے۔
ڈومیسٹک کرکٹ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے ذیشان ملک کو ایم سی سی کے خلاف اعلان کردہ 12 رکنی اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔قائداعظم ٹرافی فرسٹ الیون ٹورنامنٹ میں 23سالہ ذیشان ملک نے 52 کی اوسط سے 780 رنز بنائے تھے۔
بنگلہ دیش کے خلاف ٹی ٹونٹی سیریز میں قومی سینئر اسکواڈ میں جگہ بنانے والےعماد بٹ، خوشدل شاہ اور محمد حسنین کو پاکستان شاہینز میں شامل نہیں کیا گیا۔ تینوں کھلاڑیوں کو اعلیٰ سطحی کرکٹ میں ترقی پانے کے باعث ایم سی سی کے خلاف اسکواڈ میں شامل نہیں کیا گیا۔
قومی ایمرجنگ ٹیم میں شامل اسپنر محمد اسد کو پاکستان شاہینز کا حصہ نہیں بنایا گیا۔
ندیم خان،کوآرڈینٹر برائے سلیکشن کمیٹی:
کوآرڈینٹر برائے سلیکشن کمیٹی ندیم خان کاکہنا ہےکہ پی سی بی نے ڈھاکہ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں کو اسکواڈ میں برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ اسکواڈ میں صرف ایک تبدیلی کی گئی ہے ، ڈومیسٹک کرکٹ میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے ذیشان ملک کوایم سی سی کے خلاف اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔
وسیم خان، چیف ایگزیکٹو پی سی بی:
چیف ایگزیکٹو پی سی بی وسیم خان نے کہاکہ ایم سی سی کرکٹ ٹیم کا 48 سال بعد پاکستان کا دورہ کرنا ایک خوش آئند عمل ہے۔انہوں نے کہا کہ مارلی بون کرکٹ کلب کے صدر اور نامور کرکٹر کمار سنگا کارا کا خود ٹیم کی قیادت کرنا اس دورے کی اہمیت کو اجاگر کرتا ہے۔
چیف ایگزیکٹو پی سی بی کا کہنا ہےکہ ایم سی سی کرکٹ ٹیم کا دورہ پاکستان، پی سی بی کی ملک میں بین الاقوامی کرکٹ کی سرگرمیوں کو برقرار رکھنے کی کاوش ہے۔انہوں نے کہا کہ حال ہی میں سری لنکا کرکٹ ٹیم کا پاکستان میں مکمل سیریز کھیلنا، ٹی ٹونٹی سیریز کھیل کر وطن واپس لوٹنے والی بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کی ٹیسٹ اور ایک روزہ میچ کے لیے پاکستان آمدپر رضامندی ظاہر کرنااور انٹرنیشنل کرکٹ کونسل سمیت کرکٹ آسٹریلیا، انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ اورکرکٹ آئرلینڈ کے اعلیٰ حکام کی پاکستان آمد، پاکستان کرکٹ بورڈ کی کوششوں کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
پاکستان شاہینز:
سعودشکیل ،کپتان(سندھ)، عاکف جاوید (بلوچستان)، حیدر علی (ناردرن)، حسن محسن (سندھ)، عمران رفیق (سدرن پنجاب)، محمد محسن (خیبرپختونخوا)، عمیر بن یوسف (سندھ)، روحیل نذیر ،وکٹ کیپر(ناردرن)،سیف بدر (سدرن پنجاب)، ثمین گل (خیبرپختونخوا)، عمر خان (خیبرپختونخوا) اور ذیشان ملک (ناردرن)۔
اس موقع پر ناردرن کے ہیڈ کوچ محمد وسیم نے بھی ایم سی سی کے خلاف ٹی ٹونٹی میچ کے لیے 12 رکنی اسکواڈ کا اعلان کردیا ہے۔
ٹیم کی قیادت روحیل نذیر کریں گےجبکہ علی عمران، حیدر علی اور زید عالم کو اسکواڈ میں برقرار رکھاگیا ہے۔ چاروں کھلاڑی قومی ٹی ٹونٹی کپ میں
ناردرن کے 15 رکنی اسکواڈ کا حصہ تھے۔ ایونٹ کے فائنل میں ناردرن نے بلوچستان کو 52 رنز سے شکست دی تھی۔
پی سی بی کی جانب سے منتخب کردہ اسکواڈز کے علاوہ ایم سی سی کرکٹ ٹیم لاہور قلندرز اور ملتان سلطانز کے خلاف 2ٹی ٹونٹی میچز بھی کھیلے گی۔ دونوں میچز ایچ بی ایل پی ایس ایل کے آغاز سے قبل لاہور قلندرز اور ملتان سلطانز کے لیے وارم اپ میچز کی حیثیت رکھتے ہیں۔ ایچ بی ایل پی ایس ایل میں شریک دیگر چاروں ٹیمیں اس دوران کراچی میں ایک دوسرے کےخلاف وارم اپ میچز کھیلنے میں مصروف ہوں گی۔
ناردرن:
روحیل نذیر، کپتان (وکٹ کیپر)،فیضان ریاض (نائب کپتان)، علی عمران، حیدر علی، مبشر خان (ناردرن انڈر19)، موسیٰ خان، نعمان علی، سرمد بھٹی، شہزاد اعظم، شیراز خان (ناردرن انڈر19)، زید عالم اور ذیشان ملک۔
اپنی رائے کا اظہار کریں