بوپارہ اور سنگاکارا – رنزوں کا فوارہ، ملتان سلطان کو بھی ڈھیر کردیا
ایچیسن کالج لاہور میں کھیلے گئے ٹی ٹونٹی میچ میں ایم سی سی نے ملتان سلطانز کو 72 رنز سے شکست دے دی۔ 47 سال بعد پاکستان کے دورہ پر آئی ایم سی سی کو 4 میں سے 2 میچوں میں فتح اور 2 میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
ایم سی سی نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ بیس اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 184 رنز بنائے۔ روی بوپارہ اور کمارسنگاکارا نے نصف سنچریاں اسکور کیں۔ جواب میں ملتان سلطانز کی پوری ٹیم 112 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ایم سی سی کے عمران قیوم نے 4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔
تفصیلات کے مطابق ایم سی سی کے کپتان سنگاکارا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ 53 رنز پر ابتدائی تین وکٹیں گرنے کے بعد روی بوپارہ اور کپتان کمار سنگاکار کے درمیان 89 رنز کی شراکت قائم ہوئی۔ دونوں کھلاڑیوں نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے ایم سی سی کو اسکور بورڈ پر بڑا مجموعہ لگانے میں مدد کی۔ روی بوپارہ نے 37 گیندوں پر 7چوکوں اور 4 چھکوں کی مدد سے 70 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ کمار سنگاکارا 35 گیندوں پر 3 چوکوں اور 3 چھکوں کی بدولت 52 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ ایم سی سی نے مقررہ 20 اوورز میں 4وکٹوں کے نقصان پر 184 رنز بنائے۔ملتان سلطانز کے علی شفیق نے 2وکٹیں حاصل کیں۔
مطلوبہ ہدف کے تعاقب میں خوشدل شاہ اور ذیشان اشرف کے علاوہ ملتان سلطانز کا کوئی بلے بازبھی ڈبل فگر میں داخل نہ ہوسکا۔ ملتان سلطانز کی پوری ٹیم 17.4اوورز میں 112 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ خوشدل شاہ نے 26 گیندوں پر 45 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ ذیشان اشرف 20 رنز بناکر آ ؤٹ ہوئے۔ ایم سی سی کے عمران قیوم نے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
اپنی رائے کا اظہار کریں