کامران اکمل نے میلہ لوٹ۔ سنچری
ایچ بی ایل پی ایس ایل 2020: پشاور زلمی نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 6 وکٹوں سے شکست دے دی
• شاندار سنچری اسکور کرنے پر کامران اکمل مین آف دی میچ قرار
کراچی، 22 فروری 2020ء:
ایچ بی ایل پی ایس ایل 2020 کے چوتھے میچ میں پشاور زلمی نے دفاعی چیمپئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 6 وکٹوں سے شکست دے دی۔
نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے میچ میں پشاور زلمی نے کامران اکمل کی شاندار سنچری کی بدولت 149 رنز کا ہدف 9 گیندیں قبل 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ کامران اکمل نے 55 گیندوں پر 101 رنز کی دھواں دھار اننگز کھیلی۔
اس سے قبل کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں5 وکٹوں کے نقصان پر 148 رنزبنائے تھے۔ جیسن رائے 73 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر کوئٹہ کے سب سے نمایاں بیٹسمین رہے تھے۔
تفصیلات کے مطابق پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تو 50 کے مجموعی اسکور پر دفاعی چیمپئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے 2 کھلاڑی آؤٹ ہو کر پویلین واپس لوٹ چکے تھے۔ اوپنر شین واٹسن 8 اور احمد شہزاد 12 رنزبناکر آؤٹ ہوئے۔ تیسری وکٹ کی شراکت میں اوپنر جیسن رائے اور کپتان سرفراز احمد نے 62 رنز کا اضافہ کیا تاہم سرفراز احمد 25 گیندوں پر 5 چوکوں اور 1 چھکے کی بدولت 41 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔ کپتان کے پویلین واپس لوٹنے کے بعد دفاعی چیمپئن کی مزید 2 وکٹیں اسکور بورڈ پر محض 19 رنز کا ہی اضافہ کرسکیں۔ اعظم خان 5 اور محمد نواز 2 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ جیسن رائے نے 57 گیندوں پر 6 چوکوں اور 1 چھکے کی مدد سے 73 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا مجموعہ مقررہ بیس اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 148 تک پہنچا یا۔ پشاور زلمی کے وہاب ریاض 2 جبکہ ڈیرن سیمی، عامر خان اور راحت علی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
ہدف کے تعاقب میں پشاور زلمی نے اننگز کا آغاز جارحانہ انداز میں کیا۔ اوپنر کامران اکمل نے دھواں دھار بیٹنگ کرتےہوئے ابتدائی 20 گیندوں پر اپنی نصف سنچری مکمل کی۔ وکٹ کیپر بلے باز کی برق رفتار نصف سنچری میں 8 چوکے اور 3 چھکے شامل تھے۔ اس دوران پشاور زلمی کے اوپنر ٹام بنٹن 44 کے مجموعی اسکور پر 3 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، جس کے بعد تیسرے نمبر پر بیٹنگ کے لیے میدان میں اترنے والے نوجوان بلے باز حیدر علی نے کامران اکمل کے ہمراہ اسکور بورڈ کو آگے بڑھانے کا سلسلہ جاری رکھا۔ دونوں کھلاڑیوں کے درمیان 82 رنز کی شراکت قائم ہوئی۔ حیدر علی 25 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ تاہم دوسرے اینڈ سے کامران اکمل نے رنز بنانے کا سلسلہ جاری رکھا۔ انہوں نے 54 گیندوں پر شاندار سنچری اسکور کی۔ ایونٹ کی پہلی اور مجموعی طور پر لیگ میں اپنی تیسری سنچری اسکور کرنے والے کامران اکمل 101 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ ان کی اننگز میں 13 چوکے اور 4 چھکے شامل تھے۔ پشاور زلمی نے مطلوبہ ہدف 19ویں اوور کی تیسری گیند پر 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔
میچ میں شاندار بیٹنگ کرنے پرپشاور زلمی کے وکٹ کیپر بیٹسمین کامران اکمل کو مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔
اتوار کو لیگ کے پانچویں ایڈیشن میں 2 میچز کھیلے جائیں گے۔ پہلے میچ میں کراچی کنگز اور دفاعی چیمپئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیمیں نیشنل اسٹیڈیم کراچی جبکہ دوسرے میچ میں لاہور قلندرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیمیں قذافی اسٹیڈیم لاہور میں مدمقابل آئیں گی۔
اپنی رائے کا اظہار کریں