گھر کے چراغ اعظم نے کوٸٹہ گلیڈی ایٹرز کی بتیاں بھجا دیں
اسلام آباد یونائیٹڈ نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 43 رنز سے ہرادیا
کراچی، 3 فروری 2022ء:
نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں جاری ایچ بی ایل پی ایس ایل 7 کے دسویں میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 43 رنز سے شکست دے کر ایونٹ میں دوسری کامیابی حاصل کرلی ہے.
230 رنز کے تعاقب میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی پوری ٹیم 186 رنز پر آؤٹ ہوگئی.
اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان کی عمدہ باؤلنگ کے ََسامنے اوپنر احسان علی اور محمد نواز کے علاوہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا کوئی بھی بیٹرز زیادہ دیر کریز پر نہ ٹھہر سکا اور یکے بعد دیگرے آؤٹ ہوکر پویلین واپس لوٹتا رہا. شاداب خان نے 28 رنز کے عوض 5 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی. شاہد آفریدی اور راشد خان کے بعد وہ ایچ بی ایل پی ایس ایل میں 50 وکٹیں مکمل کرنے والے تیسرے اسپنر بن گئے ہیں.
احسان علی نے 27 گیندوں پر ایک چھکے اور 8 چوکوں کی مدد سے 50 رنز کی اننگز کھیلی. محمد نواز 22 گیندوں پر 5 چھکوں اور 2 چوکوں کی بدولت 47 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے.
شاداب خان نے 5 جبکہ محمد وسیم اور حسن علی نے دو دو وکٹیں حاصل کیں.
اس سے قبل اسلام آباد یونائیٹڈ نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مقررہ بیس اوورز میں چار وکٹوں کے نقصان پر 229 رنز بنائے. کولن منرو، پال اسٹرلنگ اور اعظم خان نے برق رفتار بیٹنگ کرتے ہوئے نصف سنچریاں اسکور کیں. تینوں کھلاڑیوں نے مجموعی طور پر میچ میں 14 چھکے لگائے.
پال اسٹرلنگ نے 28 گیندوں پر 3 چھکوں اور 7 چوکوں کی مدد سے 58 رنز کی اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کو جارحانہ انداز فراہم کیا. جس کے بعد کولن منرو نے 39 گیندوں پر 5 چھکے اور 3 چوکے لگا کر اسکور بورڈ کو تیزی سے آگے بڑھانے کا سلسلہ جاری رکھا. وہ 72 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے.
رہی سہی کسر اعظم خان نے چھ چھکے لگا کر نکال دی. انہوں نے 35 گیندوں پر 65 رنز کی اننگز کھیلی.
اسپنر محمد نواز نے دو وکٹیں حاصل کیں.
اپنی رائے کا اظہار کریں