اسلام آباد یوناٸٹڈ نے کراچی کنگز کی واپسی کے دروازے بند کردیے
اسلام آباد یونائیٹڈ نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد کراچی کنگز کو ہرا کرپلے آف مرحلے کی دوڑ سے باہر کردیا
لاہور، 14 فروری 2022ء:
ایچ بی ایل پی ایس ایل 7 کے اکیسویں میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد کراچی کنگز کومحض ایک اسکور سے شکست دے کر ٹورنامنٹ کے پلے آف مرحلے سے باہر کردیا ہے۔ کراچی کنگز کی یہ ایونٹ میں مسلسل ساتویں شکست ہے۔
قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے میچ میں عماد وسیم اور قاسم اکرم کی 108 رنز کی عمدہ شراکت بھی کراچی کنگز کو ٹورنامنٹ میں پہلی کامیابی نہ دلاسکی۔ اسلام آباد یونائیٹڈ نے میچ میں چار قیمتی کیچز بھی چھوڑے۔
192 رنز کے تعاقب میں کراچی کنگز کی ٹیم مقررہ بیس اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 190 رنز ہی بناسکی۔ آخری اوور میں جیت کے لیے کراچی کنگز کو محض 8 رنز درکار تھے تاہم وقاص مقصود نے صرف 6 رنز دے کر اپنی ٹیم کو فتح دلادی۔
مطلوبہ ہدف کے تعاقب میں اوپنر شرجیل خان کے 29 گیندوں پر 44 رنز کی جارحانہ اننگز کے باوجود کراچی کنگز کی آدھی ٹیم 80 کے مجموعی اسکور پر پویلین واپس لوٹ چکی تھی۔ کپتان بابراعظم 13، جو کلارک صفر، صاحبزادہ فرحان 17اور محمد نبی 3 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔
ایسے میں تجربہ کار آلراؤنڈر عماد وسیم نے نوجوان بیٹر قاسم اکرم کے ہمراہ 108 رنز کی عمدہ شراکت قائم کی تاہم وہ بھی اپنی ٹیم کو فتح نہ دلاسکے۔ عماد وسیم نے 28 گیندوں پر 6 چوکوں اور 3 چھکوں کی بدولت 196 کے اسٹرائیک ریٹ سے 55 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی۔ قاسم اکرم 26 گیندوں پر 51 رنز بناکرناٹ آؤٹ رہے۔
وقاص مقصود نے تین جبکہ آصف علی نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
کراچی کنگز نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیاتو اسلام آباد یونائیٹڈ کا کوئی بھی بیٹر لمبی اننگز تو نہ کھیل سکا تاہم انہوں نے چھوٹی چھوٹی شراکت داریوں کی بدولت مقررہ بیس اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 191 رنز بنائے۔
کپتان شاداب خان 34 رنز بناکر نمایاں رہے۔ فہیم اشرف نے ناقابل شکست 29 اور آصف علی نے 28 رنزاسکور کیے۔
عماد وسیم نے دو وکٹیں حاصل کیں۔
اپنی رائے کا اظہار کریں