ہیلز کی واپسی بنی وجہ پشاور زلمی کی گھر واپسی
اسلام آباد یونائیٹڈ نے پشاور زلمی کو شکست دے کر دوسرے ایلیمنٹر میں جگہ بنالی
لاہور، 24 فروری 2022ء:
ایچ بی ایل پی ایس ایل 7 کے پہلے ایلیمنٹر میں اسلام آبادیونائیٹڈ نے ایلکس ہیلز کی شاندار بلے بازی کی بدولت پشاور زلمی کو 5 وکٹوں سے ہرا کرٹورنامنٹ کے دوسرے ایلیمنٹر میں جگہ بنالی ہے۔ قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے میچ میں اسلام آبادیونائیٹڈ نے 170 رنز کا ہدف تین گیندیں قبل پانچ وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔
مطلوبہ ہدف کے تعاقب میں اوپنر ایلکس ہیلز نے 62 رنز کی اننگز کھیل کر اسلام آباد یونائیٹڈ کو مضبوط آغاز فراہم کیا۔ اس دوران انہوں نے ول جیکس اور شاداب خان کے ہمراہ بالترتیب 34 اور 43 رنز کی شراکت قائم کی۔ ول جیکس 11 اور شاداب خان 22 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔49 گیندوں پر مشتمل ایلکس ہیلز کی اننگز میں 3 چھکے اور 6 چوکے شامل تھے۔
آصف علی بھی 7 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ ایسے میں فہیم اشرف نے اعظم خان کے ہمراہ جارحانہ انداز اپناتے ہوئے پشاور زلمی کے تمام باؤلرز کو آڑھے ہاتھوں لینے کا فیصلہ کیا اور پانچویں وکٹ کے لیے 41 رنز کی شراکت قائم کی۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کو جیت کے لیے آخری 6 گیندوں پر 10 رنز درکار تھےتاہم بینی ہاؤل نے میچ کے آخری اوور کی پہلی ہی گیند پر اعظم خان کو ایل بی ڈبلیو آؤٹ کرکےمیچ کو دلچسپ بنادیا۔ وہ 22 گیندوں پر 28 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔نئے آنے والے بیٹر لیام ڈاسن نے اگلی دو گیندوں پر ایک چھکا اورایک چوکا لگا کر اپنی ٹیم کو فتح دلادی۔وہ دو گیندوں پر 10 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔ فہیم اشرف 2 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 19 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔
سلمان ارشاد نےعمدہ باؤلنگ کرتے ہوئے 31 رنز کے عوض تین کھلاڑیوں کوپویلین کی راہ دکھائی۔خالد عثمان اور بینی ہاؤل نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
اس سے قبل کپتان وہاب ریاض نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو پشاور زلمی نے اوپنر کامران اکمل اور تجربہ کار بیٹر شعیب ملک کی نصف سنچریوں کی بدولت مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 169 رنز بنائے۔دونوں کھلاڑیوں نے تیسری وکٹ کے لیے 40 رنز کی شراکت قائم کی۔
کامران اکمل 39 گیندوں پر 2 چھکوں اور 7 چوکوں کی مدد سے 58 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ شعیب ملک نے 2 چھکوں اور 4 چوکوں کی بدولت 55 رنز کی اننگز کھیلی۔پشاور زلمی کے تیسرے نمایاں بیٹر حسین طلعت رہے۔ انہوں نے 15 گیندوں پر پانچ چوکے لگا کر 28 رنز بنائے۔
حسن علی نے 30 رنز کے عوض تین کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ فہیم اشرف اور شاداب خان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
اپنی رائے کا اظہار کریں