ٹم ڈیوڈ اور روسو نے شاداب خان کی شاندار بیٹنگ پر پانی پھیر دیا
شاداب خان کی شاندار بیٹنگ کے باوجود ملتان سلطانز کی ایچ بی ایل پی ایس ایل 7 میں لگاتار چوتھی کامیابی
کراچی، یکم فروری 2022ء:
نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں جاری ایچ بی ایل پی ایس ایل 7 میں دفاعی چیمپئن ملتان سلطانز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 20 رنز سے بآسانی شکست دے کر ٹورنامنٹ میں ناقابل شکست رہتے ہوئے مسلسل چوتھی فتح حاصل کرلی ہے۔کپتان شاداب خان کی جانب سے چوکوں اور چھکوں کی برسات بھی اسلام آباد یونائیٹڈ کو فتح نہ دلاسکی۔
ٹم ڈیوڈ اور رائیلی روسو کی جانب سے حریف باؤلرز پر چھکوں کی برسات کے بعد خوشدل شاہ کے عمدہ باؤلنگ اسپیل نے دفاعی چیمپئن کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔
218 رنز کے تعاقب میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی پوری ٹیم 19.4 میں 197 رنز پر ہمت ہارگئی۔ کپتان شاداب خان نے 91 رنز کی شاندار اننگز کھیلی ۔ 42 گیندوں پر 216 سے زائد کے اسٹرائیک ریٹ سے کھیلی گئی ان کی اس اننگز میں 9 چھکے اور 5 چوکے شامل تھے۔
تاہم انہیں دوسرے اینڈ سے حوصلہ افزاء اسپورٹ نہ ملی، لہٰذا کپتان کی یہ اننگز رائیگاں گئی۔
خوشدل شاہ نے 35 رنز کے عوض 4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ڈیوڈ ویلے نے تین کھلاڑیوں کوآؤٹ کیا۔ شاداب خان کے علاوہ اسلام آباد یونائیٹڈ کے ڈبل فگرز میں پہنچنے والے دیگر بیٹرز میں ایلکس ہیلز 23، پال اسٹرلنگ 19، آصف علی ، رحمان اللہ گرباز 15،15 اور اعظم خان 12رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
اس سے قبل ملتان سلطانز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ بیس اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 217 رنز بنائے تھے۔ اوپنر شان مسعود کے 43 رنز کے باوجود 78 رنز پر ابتدائی تین وکٹیں گنوانے کے بعد ٹم ڈیوڈ نے رائیلی روسو کے ہمراہ چوتھی وکٹ کے لیے 110 رنز کی شراکت قائم کرکے ملتان سلطانز کا مجموعہ 200 کے پار پہنچا دیا۔
ٹم ڈیوڈ نے 29 گیندوں پر 6 چوکوں اور 6 چھکوں کی بدولت 71 رنز کی شاندار اننگز کی۔ رائیلی روسو نے 191 کے اسٹرائیک ریٹ سے ناٹ آؤٹ 67 رنز اسکور کیے۔ ان کی اننگز میں 6 چھکے اور 4 چوکے شامل تھے۔
محمد وسیم، مارچنٹ ڈی لانگے اور حسن علی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
اپنی رائے کا اظہار کریں