بال ٹیمپرنگ میں ملوث آسٹریلوی کرکٹرز کی آئی پی ایل میں شمولیت خطرے میں پڑ گئی
نئی دہلی : کینگروز کو کھیل سے کھلواڑ کرنا مہنگا پڑ گیا ۔ کیپ ٹاؤن ٹیسٹ میں بال ٹمپرنگ جرم میں معطل کھلاڑیوں کو آج سزا سنائے جانے کا امکان ہے جبکہ دوسری جانب کرکٹرز کی مہنگی ترین ٹی 20 لیگ آئی پی ایل میں شمولیت خطرے میں پڑ گئی ۔انڈین پریمئر لیگ کے چیئرمین راجیو شکلا نے پلیئر ز کی قسمت کا فیصلہ کرکٹ آسٹریلیا کی رپورٹ پر چھوڑ دیا۔
کرکٹ آسٹریلیا کے چیف ایگزیکٹو آفیسر جیمز سدر لینڈ نے بال ٹیمپرنگ میں ملوث کپتان سٹیواسمتھ ، نائب کپتان ڈیوڈ وارنراوراوپنر بین کرافٹ کو وطن واپس بھیج دیا جبکہ ٹم پین کو ساؤتھ افریقہ کے خلاف چوتھے ٹیسٹ میچ کے لئے کپتان بنادیا گیا۔کپتاناسمتھ کو میچ فیس کا 100 فیصد جرمانہ بھی کیا گیا ۔جیمز سدر لینڈ کے مطابق بال ٹیمپرنگ میں ملوث کھلاڑیوں کو آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران سزا بھی سنا دی جائے گی ۔
دوسری جانب انڈین پریمئیر لیگ کے چیئرمین راجیو شکلا بھی ایکٹو ہو گئے ۔آئی پی ایل چیئرمین راجیو شکلا کا کہنا ہے کہ سن رائزرز حیدرآباد ٹیم کے کپتان ڈیوڈ وارنر اور دیگر پلیئرز کی قسمت کا فیصلہ کرکٹ آسٹریلیا کی رپورٹ کے بعد کیا جائے گا ۔راجیو شکلا کے مطابق بال ٹمپرنگ کا اعتراف کرنیوالے کرکٹرز کو آئی سی سی ، کرکٹ آسٹریلیا اور پھر آئی پی ایل بھی ضرور سزا دے گی۔
اپنی رائے کا اظہار کریں