آئی سی سی چیف ایگزیکٹو منو سواہنے عہدے سے فارغ
دبئی(سپورٹس ڈیسک) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے چیف ایگزیکٹو منو سواہنے کو فوری طور پر عہدے سے فارغ کردیا گیا ہے ، ان کی جگہ جیف الارڈائس قائم مقام چیف ایگزیکٹو کے طور پر خدمات انجام دیں گے۔
تابی لیکس کی رپورٹ کے مطابق آئی سی سی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ منو سواہنے کو فوری طور پر ہٹانے کا فیصلہ دبئی میں آئی سی سی بورڈ اجلاس میں جائزہ لینے کے بعدکیا گیا ہے۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق منو سواہنے پر لوگوں سےخراب رویے سے پیش آنے کے الزامات عائد تھے جس پر آئی سی سی بورڈ نے انہیں رواں سال مارچ میں چھٹی پر بھی بھیجا تھا ، یہ الزامات پرائس واٹر ہاؤس کوپرز (ڈبلیو پی سی) نامی آڈٹ فرم کی جانب سے اندرونی جائزے کے بعد سامنے آئے تھے۔
اس معاملے پر انگلینڈ کرکٹ بورڈ کے چیئرمین اورآئی سی سی کمیٹی برائے انسانی وسائل کے رکن ایان واٹمور نے پی ڈبلیو سی کی رپورٹ مطالعہ کرنے کے بعد دیگر ارکان بورڈ کو منو سواہنے کوفوری طور پر معطل کرنے کی تجویز دی تھی جس پر آئی سی سی بورڈ نے آج فیصلہ سنا دیا ہے۔
خیال رہے منو سواہنے کو پچھلے مینز ورلڈ کپ کے بعد سیشن 2019 تا 2022 کے لیے آئی سی سی کا چیف ایگزیکٹو منتخب کیا گیا تھا۔
اپنی رائے کا اظہار کریں