حارث روف ورلڈکپ کا مضبوط امیدوار، بگ بیش میں ڈنکا بجا دیا
ہمیشہ کہا کرتا ہوں کہ نمبر 1 کو کوئی نہیں روک سکتا، جیسے شعیب اختر،مصباح الحق،سعید اجمل اور اب عابد علی نے ثابت کر دیا کہ جتنا راستہ روکو گے اتنا ہی چمک کر ابھریں گے، آج کل سوشل میڈیا پر لاہور قلندرز کے ابھرتے ہوئے فاسٹ باولر حارث روف کے چرچے ہیں اور اس وقت کی سلیکشن کمیٹی سخت تنقید کی زد میں ہے کہ حسنین کی جگہ حارث روف کو ٹیم میں شامل کیوں نہ کیا گیا تاہم آسٹریلیا کی مشہور عالم بگ بیش لیگ میں حارث روف اپنی شاندار کارکردگی کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے نمبر1 باولر بن چکے ہیں، اس سلسلے میں لاہور قلندرز کی انتظامیہ خاصی مطمئن اور خوش نظر آ رہی ہے
پاکستان سپر لیگ کی سب سے پسندیدہ فرنچائز لاہور قلندرز کو اپنے کرکٹر حارث روف پر فخر ہے، حارث لاہور قلندرز کی پہچان اور اس کے پراجیکٹ پلیئر ڈولپمنٹ پروگرام کی دریافت ہے۔
حارث نے بگ بیش لیگ میں اپنے ڈیبیو پر تباہ کن بولنگ کرکے دو وکٹیں حاصل کرنے کے بعد دوسرے میچ میں پانچ وکٹیں حاصل کیں اور اب وہ اس لیگ کے ٹاپ بولر بن چکے ہیں۔ انہوں نے ٹورنامنٹ کے دو میچز میں سب سے زیادہ ، سات کھلاڑیوں کو آوٹ کیا ہے۔
لاہور قلندرز کے چیف آپریٹنگ آفیسر ثمین رانا کا کہنا ہے کہ حارث کی ترقی لاہور قلندرز کے پلیئر ڈولپمنٹ پروگرام کی کامیابی ہے۔
یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ حارث روف دو ہزار سترہ میں راولپنڈی سے گوجرانوالہ پی ڈی پی کے ٹرائلز میں شرکت دینے آئے تھے، حارث کو فوری طور پر ٹیم میں شامل کیا گیا اور وہ اسکواڈ کے ساتھ ی یہ کامیابی پلیئر ڈولپمنٹ پروگرام کے حقیقی مقصد کی عکاس ہے کہ ایک کھلاڑی سڑک پر کھیلتا ہوا آج اس مقام پر ہے کہ پوری دنیا اس کی تعریف کررہی ہے۔
قلندر ز کے سی ای او عاطف رانا کہتے ہیں کہ پاکستان سپر لیگ کا مقصد ہی یہ تھا کہ نئے ٹیلنٹ کو فروغ دیا جائے اور لاہور قلندرز وہ واحد فرنچائز ہے جو اس مقصد پر محنت کررہی ہے۔
لاہور قلندز حارث روف سمیت اپنے تمام پلیئر ڈولپمنٹ پروگرام کے ٹیلنٹ کی سپورٹ جاری رکھے گا اور امید ہے کہ پاکستان سپر لیگ کے اگلے ایڈیشن میں بھی اس کا پلیئر ڈولپمنٹ پروگرام کا ٹیلنٹ اپنی صلاحیتوں کا لوہا منواتا رہے گا
اپنی رائے کا اظہار کریں