فضل محمود کو بعد از مرگ پی سی بی ہال آف میں شامل کرلیا گیا
فضل محمود باضابطہ طور پر پی سی بی ہال آف فیم میں شامل ہوگئے
لاہور، 25 فروری 2022ء:
پاکستان کرکٹ کے پہلے سپر اسٹار، فضل محمود باضابطہ طور پر پی سی بی ہال آف فیم کا حصہ بن گئے ہیں۔ چیف ایگزیکٹو پی سی بی فیصل حسنین نے ہال آف فیم کی اعزازی ٹوپی فضل محمود مرحوم کی صاحبزادی شائشہ محمود اور اور اعزازی پلاک ان کے صاحبزادے شہزاد محمود کو دی۔یہ تقریب 25 فروری بروز جمعہ کو شیڈول ایچ بی ایل پی ایس ایل 7 کے دوسرے ایلیمینٹر سے قبل قذافی اسٹیڈیم لاہور میں منعقد ہوئی۔
فضل محمود پاکستان کے وہ پہلے کرکٹر تھے جنہیں 1955 میں وزڈن کے فائیو کرکٹرز آف دی ایئرز میں شامل کیا گیا ہے۔اس سے قبل انہوں نے 1954 میں دورہ انگلینڈ میں چار ٹیسٹ میچز میں 20 وکٹیں حاصل کی تھیں۔سال 1952 میں بھی ان کی شاندار باؤلنگ کارکردگی کی بدولت پاکستان نے بھارت کو اس کے ہوم گراؤنڈ پر شکست سے دوچار کیا تھا۔
پاکستان کی جانب سے 34 ٹیسٹ میچز میں 139 وکٹیں حاصل کرنے والے فضل محمود کوحسن کارکردگی پر 1958 میں پرائیڈ آف پرفارمنس ایوارڈ سے نوازا گیا ،یہ پاکستان کا سب سے بڑا قومی اعزاز ہے ۔ 2012 میں انہیں ہلال امتیاز (پاکستان کا دوسرا سب سے بڑا سول ایوارڈ) دیا گیا۔
فیصل حسنین، چیف ایگزیکٹو پی سی بی:
پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو فیصل حسنین نے کہا کہ وہ فضل محمود کو باضابطہ طور پر پی سی بی ہال آف فیم میں شامل کرنے کو اپنے لیے اعزاز سمجھتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ فضل محمود مرحوم کی پاکستان کرکٹ کے لیے خدمات کا کوئی جوڑ نہیں۔ انہوں نے تقسیم ہند کے بعد بھارت کی نمائندگی سے دستبردار ہوکر پاکستان کرکٹ کی نمائندگی کو ترجیح دی۔
فیصل حسنین نے کہا کہ فضل محمود نےبڑی ٹیموں کے خلاف شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرکے پاکستان کو دنیائے کرکٹ کے افق پر ابھارنے میں اہم کردار ادا کیا۔انہوں نے کہا کہ فضل محمود کی شخصیت نے پاکستان کی ایک بڑی نسل کو کرکٹ کی طرف راغب کیا، بعدازاں ان نوجوانوں نے پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے بڑی کامیابیاں سمیٹیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ فضل محمود کو ہمیشہ ایک عظیم کھلاڑی کی حیثیت سے یاد رکھا جائے گا۔
شہزاد محمود، صاحبزادہ فضل محمود:
فضل محمود مرحوم کے صاحبزادے شہزاد محمود کاکہناہے کہ ان کے والد، فضل محمود پاکستان کرکٹ کے پہلے ہیرو اور حقیقی روشن ستارے تھے۔انہوں نے پاکستان کی نمائندگی کرنے پر ہمیشہ فخر محسوس کیا اوروہ اکثر اپنے کرکٹ کیرئیر کے دنوں کی حسین یادوں کا ذکر کیا کرتے تھے۔
شہزاد محمود کا کہنا ہے کہ فضل محمود نے ریٹائرمنٹ کے بعدبھی پاکستان کرکٹ سے بھرپور وابستگی رکھی۔اپنے اہلخانہ کی طرف سے وہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے مشکور ہیں جنہوں نے فضل محمود کو پی سی بی ہال آف فیم میں شامل کیا۔
اپنی رائے کا اظہار کریں