چاٸنہ مین باٶلر فیصل اکرم قومی ٹیم کے لیے کھیلنے بے قرار
پی سی بی پاتھ ویز پروگرام نے بین الاقوامی کرکٹ کا راستہ دکھایا، فیصل اکرم
لاہور، 26 مئی 2022ء:
لیفٹ آرم چائنہ مین 18 سالہ فیصل اکرم کا تعلق اولیاء کی دھرتی ملتان سے ہے۔ نوجوان اسپنر کی گھومتی گیندیں گزشتہ تین برسوں سے پاکستان کرکٹ میں حریف بیٹرز کے لیے مشکلات کا سبب بن رہی ہے مگر متوسط طبقے سے تعلق رکھنے والے اس نوجوان نے اپنے اہلخانہ سے کرکٹ چھوڑ کرکے روزگار تلاش کرنے کے طعنے بھی سنے۔
ایسے میں پاکستان کرکٹ کے روشن ستاروں کی فلاح و بہبود کے لیے اعلان کردہ پی سی بی پاتھ ویز کرکٹ پروگرام ملتان کے اس گھر کی زندگی میں خوشیاں لا یا۔اپنے پسندیدہ کرکٹر مشتاق احمد کی طرح چھوٹی سی عمر میں اسپن باؤلنگ پر عبور حاصل کرنے والے فیصل اکرم بھی اسےاپنے شوق کی تکمیل میں اہم سنگ میل کی حیثیت دیتے ہیں۔
ملتان انڈر 16 سے قومی کرکٹ ڈھانچے میں قدم رکھنے والے فیصل اکرم کو چائنہ مین اسپنر ہونے کے باعث اپنے کیرئیر کے آغاز سے ہی شہرت ملنا شروع ہوگئی تھی۔حال ہی میں انہوں نے نیشنل انڈر 19 کپ 22-2021 کے چار میچز میں نو اور نیشنل انڈر 19 چیمپئن شپ 22-2021 کے پانچ میچز میں 26 وکٹیں حاصل کیں۔
فیصل اکرم:
نوجوان اسپنر فیصل اکرم کا کہنا ہے کہ انہیں پی سی بی پاتھ ویز کرکٹ پروگرام کےتحت منتخب ہونے والے 100 کھلاڑیوں کی فہرست میں اپنا نام دیکھ کر بہت خوشی ہوئی۔ اس موقع پر ان کے اہلخانہ کی خوشی بھی دیدنی تھی۔
انہوں نے کہا کہ پاتھ ویزکرکٹ پروگرام پی سی بی کا ایک بہترین اقدام ہے۔ یہ کرکٹر بننے کا خواب سجانے والے نوجوانوں کے اہلخانہ کی مالی معاونت کرے گا۔ جب کرکٹ شروع کی تو گھروالوں کا تعلق حاصل نہیں تھا مگر اب پاتھ ویز کرکٹ پروگرام کےاعلان کے بعد وہ انہیں بھرپور اسپورٹ کررہے ہیں۔
فیصل اکرم نے کہاکہ انہوں نے نیشنل ہائی پرفارمنس کیمپ میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کی ہے ۔ وہ پرامید ہیں کہ انہیں اپنے ملک کی نمائندگی اور طویل عرصے تک کرکٹ کھیلنے کا موقع ملے گا۔
لیجنڈری اسپنر مشتاق احمد بھی فیصل اکرم کی صلاحیتوں سے بہت متاثر ہیں۔ انہوں نے نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر میں جاری کنڈیشنگ کیمپ میں فیصل اکرم کی صلاحیتوں میں نکھار لانے کی ہر ممکن کوشش کی۔
مشتاق احمد:
مشتاق احمد کا کہنا ہے کہ فیصل اکرم مسٹری اسپنر ہیں اور وہ ان کے ساتھ متعدد تربیتی کیمپ میں کام کرچکے ہیں۔ نوجوان اسپنر بہت باصلاحیت اور محنتی کھلاڑی ہیں، فی الحال ان کی ذہنی اور جسمانی مضبوطی پر کام کیا جارہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بحیثیت کوچ فیصل اکرم نے انہیں بہت متاثر کیا ہے۔ وہ ایک مکمل میچ ونر باؤلر بننے کی تمام صلاحیتیں رکھتے ہیں۔ فیصل اکرم اپنی باؤلنگ صلاحیتوں سے نیٹ سیشنز میں سینئر بیٹرزکو بھی چکمادے دیتے ہیں۔ ۔ وہ ایک شائستہ مزاج نوجوان ہیں جو بھرپور محنت کررہا ہے۔
اپنی رائے کا اظہار کریں