ڈبلن ٹیسٹ: آئرلینڈ نے دوسری اننگز میں 7 وکٹوں پر 319 رنز بنالیے
ڈبلن: آئرلینڈ نے پاکستان کے خلاف تاریخی ٹیسٹ میچ کی دوسری اننگز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 319 رنز بنالیے اور اسے پاکستان پر 139 رنز کی برتری حاصل ہوگئی ہے۔
چوتھے دن کا کھیل ختم ہوا تو آئرلینڈ نے 7 وکٹوں کے نقصان پر 139 رنز بنائے تھے، کیون اوبرائن 118 اور ٹائیرون کین 8 رنز بناکر وکٹ پر موجود تھے۔پاکستانی بولرز نے پہلی اننگز میں آئرلینڈ جو جلد آؤٹ کرنے کے بعد حاصل ہونے والا فائدہ گنوا دیا اور چوتھے دن کھیل ختم ہونے سے قبل آئرلینڈ کو آل آؤٹ نہ کرسکے۔
میزبان ٹیم نے بغیر کسی نقصان کے 64 رنز سے کھیل کے چوتھے روز کا آغاز کیا تو ایڈ جوائس 39 اور پورٹر فیلڈ 23 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود تھے۔آئرش ٹیم مجموعی اسکور میں 5 رنز کا اضافہ ہی کرسکی تھی کہ 69 کے مجموعے پر ایڈ جوائس رن آؤٹ ہوگئے اور وہ 43 رنز بناسکے جب کہ نئے آنے والے بلے باز اینڈی بالبرنی بغیر کوئی رنز بنائے آؤٹ ہوئے۔
وکٹ کیپر بلے باز نیل اوبرین بھی 18 رنز بناسکے جو 94 کے مجموعی اسکور پر محمد عامر کی گیند پر بولڈ ہونے کے بعد پویلین لوٹے۔پاکستان بولنگ کے خلاف مزاحمت کرنے والے آئرش کپتان ولیم پورٹرفیلڈ بھی 32 رنز بنا کر ہمت ہار گئے جنہیں محمد عامر نے میدان بدر کیا۔قومی ٹیم کی جانب سے محمد عامر نے 3 ،محمد عباس نے 2 اور شاداب خان نے ایک وکٹ حاصل کی۔
یاد رہے کہ پاکستان نے اپنی پہلی اننگز 9 وکٹوں کے نقصان پر 310 رنز بنا کر ڈکلیئر کر دی تھی جس کے جواب میں آئرلینڈ کی پوری ٹیم پہلی اننگز میں 130 رنز بناسکی۔ پاکستان نے 16 برس بعد کسی ٹیم کو فالو آن کرنے کے بعد دوبارہ بیٹنگ کی دعوت دی، آخری مرتبہ قومی ٹیم نے 2002 میں لاہور ٹیسٹ میں نیوزی لینڈ کو فالو آن کرایا تھا۔پہلی اننگز میں پاکستان کی جانب سے محمد عباس نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
شاداب خان نے بیٹنگ کے بعد بولنگ میں بھی اچھی کارکردگی دکھائی اور تین وکٹیں لے اڑے جب کہ محمد عامر کے حصے میں دو اور فہیم اشرف نے ایک وکٹ حاصل کی۔آئرلینڈ اور پاکستان کے درمیان تاریخی ٹیسٹ کا پہلا روز 11 مئی کو بارش کی نذر ہوگیا تھا جس کے باعث ٹاس بھی نہیں ہوسکا تھا تاہم ٹیسٹ کے دوسرے روز میزبان ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دی۔
اس موقع پر آئرلینڈ کے کپتان پورٹر فیلڈ کا کہنا تھا کہ ہمارے لیے آج بہت بڑا دن ہے جب کہ قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ تایخی ٹیسٹ کا حصہ بننا ہمارے لیے فخر کی بات ہے۔واضح رہے کہ یہ ٹیسٹ امام الحق اور فہیم اشرف کے لیے بھی اس لحاظ سے اہم ہے کہ یہ دونوں ٹیسٹ ڈیبیو کرنے جارہے ہیں، جنہیں پی سی بی کے سربراہ نجم سیٹھی نے ٹیسٹ کیپ پہنائی
اپنی رائے کا اظہار کریں