سیکریٹری PHF آصف باجوہ فروغِ ہاکی میں ڈار ہاکی اکیڈیمی کے معترف
لاہور (سپورٹس رپورٹر) ڈار ہاکی اکیڈمی اور پنجاب سپورٹس بورڈ کے زیراہتمام ہائی ٹیک انڈر 17 ہاکی نیشنل ہاکی سٹیڈیم کے دوسرے دن ڈار ہاکی اکیڈمی نے اسلم روڈا ہاکی اکیڈمی کو 4-0 سے جبکہ دوسرے میچ میں طاہر زمان ہاکی اکیڈمی نے فیاض ہاکی اکیڈمی کو 3-2 سے ہرا دیا۔ دوسرے دن کے مہمان خصوصی پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکرٹری آصف باجوہ تھے۔ اس موقع پر ڈار ہاکی اکیڈمی کے صدر اولمپیئن توقیر ڈار، سیکرٹری عرفان ضیاء، آرگنائزنگ سیکرٹری دانش کلیم، اولمپین طاہر زمان، خواجہ جنید، بریگیڈیئر طاہر بٹ اور ہاکی کے سابق کھلاڑیوں بچوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سیکرٹری پی ایچ ایف آصف باجوہ نے انڈر 17 ٹورنامنٹ کے انعقاد پر ڈار ہاکی اکیڈمی کو سراہا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس طرح کے ٹورنامنٹس نئے ٹیلنٹ کو سامنے لائیں گے۔اکیڈمی کے صدر توقیر ڈار نے آصف باجوہ کا خصوصی شکریہ ادا۔ اس موقع پر توقیر ڈار نے ہائی ٹیک گرین ملز کے سی ای او ڈاکٹر محمد ارشد کا خصوصی شکریہ ادا کیا جنہوں نے اتنے شاندار ٹورنامنٹ کو سپانسر کیا۔ ڈار ہاکی اکیڈمی نے اسلم روڈا ہاکی اکیڈمی کو 4-0 سے ہرایا۔ ڈار ہاکی اکیڈمی کی طرف سے 35 ویں منٹ میں پہلا فیلڈ عبدالرحمان نے سکور کیا۔ 38 ویں منٹ میں محمد وسیم نے ڈار ہاکی اکیڈمی کی طرف سے پنلٹی کارنر پر گول سکور کرکے برتری 2-0 کردی۔ 43 ویں منٹ میں صفیان خان نے پنلٹی کارنر پر گول کرکے برتری 3-0 کردی۔ میچ کے 53 ویں منٹ میں سلمان عاشق نے فیلڈ گول کرکے ڈار ہاکی اکیڈمی کی فیصلہ کن برتری 4-0 کرکے میچ جیت لیا۔ ڈار ہاکی اکیڈمی کے حمزہ کو مین آف دی میچ کا اعزاز دیا گیا۔ دوسرے میچ میں طاہر زمان ہاکی اکیڈمی نے فیاض اکیڈمی کو 3-2 سے ہرا دیا۔ طاہر زمان ہاکی اکیڈمی کی طرف سے 4 منٹ میں نوخیر احمد نے پنلٹی کارنر پر گول سکور کرکے برتری حاصل کرلی۔ 15 ویں منٹ میں فیاض اکیڈمی کی طرف سے بشارت علی نے پنلٹی سٹروک پر گول کرکے سکور برابر کردیا۔ طاہر زمان اکیڈمی کی طرف سے 16 ویں منٹ میں اذان عباس نے فیلڈ گول کرکے برتری 2-1 کردی۔ 21 ویں منٹ میں فیاض اکیڈمی کی طرف سے محمد احمد نے فیلڈ گول کرکے میچ 2-2 سے برابر کردیا۔ طاہر زمان کی طرف سے 42 ویں منٹ میں یاسر نواز نے فیلڈ گول کرکے میچ میں فیصلہ کن برتری حاصل کرلی اور فیاض اکیڈمی کی ٹیم میچ کے اختتام تک مزید کوئی گول نہ کر سکی۔ طاہر زمان اکیڈمی کی طرف سے اذان عباس کو مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔
اپنی رائے کا اظہار کریں