کرکٹ ورلڈ کپ ٹرافی کی آج قذافی سٹیڈیم میں نقاب کشائی کی جا رہی ہے
لاہور: کرکٹ ورلڈ کپ ٹرافی آج زندہ دلان کے شہر پہنچ گئی، کچھ ہی دیر میں قذافی اسٹیڈیم میں نقاب کشائی ہو گی۔ آج بس پر سیر کرائی جائے گی، دراز قد بولر محمد عرفان ہمراہ ہوں گے۔
آئندہ برس جس ٹرافی کی کرکٹ جنگ، بابائے کرکٹ کےدیس میں چھڑے گی اس ٹرافی کی رونمائی آج لاہور میں ہو گی، پی سی بی نے آئی سی سی ورلڈ کپ ٹرافی کا پلان مکمل کر لیا۔ پہلی تقریب میں ٹرافی کو لاہور ٹورزم بس پر سیر کرائی جائے گیرکٹر محمد عرفان ٹرافی کے ہمراہ ہونگے، لاہور کی سیر کے بعد ٹرافی واپس قذافی اسٹیڈیم لائی جائے گی۔ قائد اعظم ٹرافی میں جاری پشاور اور لاہور کے میچ کے دوران ٹرافی کی رونمائی ہوگی۔
کل ٹرافی گورنمنٹ کالج یونیورسٹی میں لائی جائے گی جہاں سابق ٹیسٹ کرکٹر مشتاق احمد تقریب کے مہمان ہوں گے، ٹرافی کا فوٹو سیشن واہگہ بارڈر پر بھی ہو گا، زندہ دلان کے شہر ٹرافی کا آخری دورہ شوکت خانم کینسر ہسپتال کا ہوگا، لاہور کے بعد ٹرافی اسلام آباد اور کراچی جائے گی۔ اس سے پہلے سری لنکا میں ٹرافی کی نمائش ہوئی، ورلڈ کپ ٹرافی کا بینڈ باجے کی گونج میں اومان میں بھی شاندار استقبال ہوا۔ عالمی کپ 2019 کا 30مئی سے انگلینڈ میں آغاز ہوگا۔
اپنی رائے کا اظہار کریں