رضوان, فواد کی سینٹرل کنٹریکٹ میں ترقیاں, سابق کپتان کا وٹامن سی لینے سے انکار
اعلیٰ کارکردگی پر محمد رضوان اور فواد عالم کی سنٹرل کنٹریکٹ میں ترقی
کراچی، 24 فروری 2021ء:
رواں سیزن میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر پی سی بی ٹیسٹ کرکٹر آف دی ائیر 2020، محمد رضوان اور فواد عالم کو پی سی بی سینٹرل کنٹریکٹ کی لسٹ برائے 21-2020 میں ترقی دے دی گئی ہے۔
اٹھائیس سالہ محمد رضوان کو سینٹرل کنٹریکٹ کی بی کٹیگری سے ترقی دے کر اب اے کٹیگری کا حصہ بنادیا گیا ہے۔ اس کٹیگری میں وکٹ کیپر بیٹسمین کے علاوہ کپتان قومی کرکٹ ٹیم بابراعظم، اظہر علی اور شاہین شاہ آفریدی شامل ہیں۔
محمد رضوان رواں سیزن ٹیسٹ کرکٹ میں پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ رنز بنانے والے بیٹسمین ہیں۔ وہ 7 ٹیسٹ میچوں میں 52.90کی اوسط سے 529 رنز بناچکے ہیں ۔ٹی ٹونٹی کرکٹ کی اس فہرست میں ان کا نمبر تیسرا ہے۔ ٹی ٹونٹی فارمیٹ میں وہ 65 کی اوسط سے 325 رنز بناچکے ہیں۔ زمبابوے کے خلاف تین ون ڈے انٹرنیشنل میچوں میں انہوں نے 25 رنز بنائے ہیں۔
اس دوران محمد رضوان نے ٹیسٹ کرکٹ میں وکٹوں کے پیچھے 16 ، ٹی ٹونٹی کرکٹ میں 8 اور ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ میں 3 شکار کیے ۔
رواں سیزن میں پاکستان نے انگلینڈ، زمبابوے، نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقہ کے خلاف کرکٹ سیریز کھیلیں۔ ابھی جنوبی افریقہ اور زمبابوے کے خلاف اوے سیریز اس سیزن میں باقی ہیں۔
عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں کو نوازنے کی پالیسی کے تحت پی سی بی نے فواد عالم کو ڈومیسٹک کرکٹ کی اے پلس کٹیگری سے سنٹرل کنٹریکٹ کی سی کٹیگری میں ترقی دے دی ہے۔ پی سی بی نے ٹی ٹونٹی اسپیشلسٹ محمد حفیظ کو بھی سنٹرل کنٹریکٹ کی سی کٹیگری کی پیشکش کی تھی مگر انہوں نے اسے قبول کرنے سے معذرت کرلی۔
فواد عالم نے حال ہی میں نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقہ کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں دو سنچریاں اسکور کیں۔ اس دوران انہوں نے 6 ٹیسٹ میچوں کی 11 اننگز میں 2 سنچریاں بنائی ۔
وسیم خان، چیف ایگزیکٹو پی سی بی:
پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان نے کہا کہ وہ سنٹرل کنٹریکٹ میں ترقی پانے پر محمد رضوان اور فواد عالم کو مبارکباد پیش کرتے ہیں، یہ ان دونوں کھلاڑیوں کی بائیو سیکیور ماحول کے مشکل حالات کے باوجودانتھک محنت اور اعلیٰ کارکردگی کاصلہ ہے۔
وسیم خان نے کہا کہ انہوں نے کھلاڑیوں کو ترقی دینے کا یہ فیصلہ سلیکشن کمیٹی کے سربراہ محمد وسیم سے ملاقات میں کیاہے، اس ملاقات میں ہم نے کھلاڑیوں کی سیزن 21-2020 کے دوران کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا ۔
انہوں نے کہا کہ ملاقات میں فیصلہ کیا گیا تھا کہ رواں سیزن میں اب تک تین کھلاڑیوں نے نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کیا، لہٰذاسنٹرل کنٹریکٹ کی لسٹ برائے 22-2021 کا انتظار کرنے کی بجائے ہم نے انہیں ترقی دینا کا فیصلہ کیا تاہم محمد حفیظ نے اس پیشکش کو مسترد کردیا، جس پر مایوسی ضرور ہوئی ہے مگر ہم ان کے فیصلے کا احترام کرتے ہیں۔
وسیم خان نے کہا کہ محمد حفیظ سنٹرل کنٹریکٹ کی لسٹ برائے 22-2021 کا انتظار کرنا چاہتے ہیں، جس کا انہیں مکمل اختیار ہے، محمد حفیظ اس سیزن میں ہمارے اسٹار پرفارمر ہیں اور امیدہے کہ وہ دورہ جنوبی افریقہ کے خلاف اپنی فارم کا تسلسل برقرار رکھیں گے۔
چیف ایگزیکٹو پی سی بی نے کہا کہ انہیں یقین ہے کہ رواں سیزن میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر کھلاڑیوں کو دوران سیزن ترقی ملنے سے تمام کھلاڑیوں کو ایک واضح پیغام ملے گا کہ پی سی بی اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں کو نہ صرف سراہتا ہے بلکہ وہ انہیں اعزازسے بھی نوازتا ہے۔
تازہ ترین سنٹرل کنٹریکٹ لسٹ برائے 21-2020 :
کٹیگری اے: اظہر علی (سینٹرل پنجاب) ، بابر اعظم (سینٹرل پنجاب) ، محمد رضوان (خیبر پختونخوا) اور شاہین شاہ آفریدی (خیبر پختونخوا)
کٹیگری بی: عابد علی (سینٹرل پنجاب) ، اسد شفیق (سندھ) ، حارث سہیل (بلوچستان) ، محمد عباس (سدرن پنجاب) ، سرفراز احمد (سندھ) ، شاداب خان (ناردرن) ، شان مسعود (سدرن پنجاب) اور یاسر شاہ (بلوچستان)
کٹیگری سی : فخر زمان (خیبرپختونخوا) ، فواد عالم (سندھ) ، افتخار احمد (خیبر پختونخوا) ، عماد وسیم (ناردرن) ، امام الحق (بلوچستان) ، نسیم شاہ (سینٹرل پنجاب) اور عثمان شنواری (خیبر پختونخوا)
ایمرجنگ پلیئرز کیٹیگری: حیدر علی (ناردرن) ، حارث رؤف (ناردرن) اور محمد حسنین (سندھ)
اپنی رائے کا اظہار کریں