ایشیا کپ میں پاک بھارت دنگل کتنی بار سجے گا ، جان کر خوش ہو جائیں گے
لاہور: کرکٹ ایشیا کپ میں پاک بھارت دنگل کیلیے تین بار میدان سجے گا۔
رواں سال یواے ای میں شیڈول کیا جانے والا ایشیا کپ ٹورنامنٹ قبل ازیں 2008میں متعارف کرائے جانے والے فارمیٹ کے تحت ہی کھیلا جائے گا، ایونٹ میں شریک 6ٹیموں کو 2گروپس میں تقسیم کرکے دونوں سے ٹاپ سائیڈز پر مشتمل سپر 4مرحلہ ہوگا جس کے بعد فائنل کھیلا جائے گا۔
ایک غیر ملکی ویب سائٹ پر جاری کردہ شیڈول کے مطابق 18ستمبر سے شروع ہونے والے ایشیا کپ میں گروپ اے میں شامل پاکستان اور بھارت کا میچ 21ستمبر کو ہوگا۔ اگر تیسری کوالیفائر ٹیم نے کوئی اپ سیٹ نہ کیا تو سپر4مرحلے میں روایتی حریف ٹیمیں مقابل ہونگی۔
گروپ بی میں شامل بنگلادیش،سری لنکا اور افغانستان سے رائونڈ آف فور میں کوئی بھی جگہ بنائے،ان ٹیموں کی قوت اور فارم کو دیکھا جائے تو فائنل تک رسائی کیلیے بھی پاکستان اور بھارت کو فیورٹ قرار دیا جا سکتا ہے،امکان یہی ہے کہ دونوں ٹیمیں ٹائٹل کیلیے برتری کی جنگ لڑیں گی۔
شیڈول کے مطابق پاکستان کا ایونٹ میں پہلا میچ 18ستمبر کو کوالیفائر ٹیم سے ہوگا، دوسرا معرکہ بھارت کے ساتھ 21تاریخ کو طے ہے۔ ٹیموں کی پوائنٹس پوزیشن طے ہونے کے بعد سپر 4 راؤنڈ مرحلہ 28 ستمبر تک جاری رہے گا،فائنل 30تاریخ کو ہوگا۔
یاد رہے کہ ایشیا کپ کی میزبانی کیلیے ابوظبی اور دبئی کے نام پہلے ہی سامنے آ چکے ہیں۔
اپنی رائے کا اظہار کریں