نادرن نے پی سی بی T20 کا افتتاحی میچ جیت لیا
ناردرن نے نیشنل ٹی ٹونٹی کے افتتاحی میچ میں بلوچستان کو ہرادیا
راولپنڈی، 23 ستمبر 2021ء:
شاداب خان کی زیرقیادت ناردرن نے نیشنل ٹی ٹونٹی کا فاتحانہ آغاز کیا ہے۔ پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم راولپنڈی میں کھیلے گئے میچ میں فاتح ٹیم نے ٹورنامنٹ کے افتتاحی میچ میں بلوچستان کو 6 وکٹوں سے شکست دے دی ہے۔
ناردرن نے 140 رنز کا ہدف 18 گیندیں قبل 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔اوپنر حیدر علی نے 28 گیندوں پر جارحانہ نصف سنچری اسکور کرکے جیت میں اہم کردار ادا کیا۔انہیں 58 رنزکی ناقابل شکست اننگز کھیلنے پر مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔
مطلوبہ ہدف کے تعاقب میں ناردرن کی اننگز کا آغاز بھی آئیڈیل نہ تھا۔ اوپنر عمر امین صرف 2 کے انفرادی اسکور پر آؤٹ ہوئے۔ جس کے بعد حیدر علی نے پہلے ذیشان ملک ، پھر شاداب خان اور پھرروحیل نذیر کے ہمراہ بالترتیب 49، 10 اور 16 رنز کی شراکت قائم کی۔
تاہم مڈل آرڈر بیٹسمین آصف علی نے چھٹے نمبر پر میدان میں آکر 4 چھکے اور 3 چوکے لگا کر ناردرن کو فتح سے ہمکنار کردیا۔ انہوں نے 20 گیندوں پر 43 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔انہوں نے حیدر علی کے ہمراہ پانچویں وکٹ کے لیے 51 رنز کی ناقابل شکست شراکت قائم کی۔
بلوچستان کے یاسر شاہ، عاکف جاوید، عماد بٹ اور کاشف بھٹی نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
اس سے قبل بلوچستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو چھ کے انفرادی اسکور پر کپتان امام الحق پویلین واپس لوٹ گئے۔اس کے بعد بلوچستان کا کوئی بھی بیٹسمین زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکا اور اس کی آدھی ٹیم محض 70 کے مجموعی اسکور پر پویلین واپس لوٹ چکی تھی۔عبدالواحد بنگلزئی اور اکبر الرحمٰن 24،24 جبکہ بسم اللہ خان اور ایاز تصور بالترتیب 10 اور 4 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔
ایسے میں عماد بٹ نے کاشف بھٹی کے ہمراہ چھٹی وکٹ کے لیے 66 رنز جوڑے۔ عماد بٹ 34 اور کاشف بھٹی 24 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ بلوچستان نے مقررہ بیس اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 139 رنز بنائے۔ ناردرن کے حارث رؤف نے 18 اور محمد نواز نے 31 رنز دے کر 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔زمان خان اور سہیل تنویر نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
اپنی رائے کا اظہار کریں