پی ایس ایل تھری کا بڑا معرکہ،پشاور اور کوئٹہ کی ٹیمیں آج قذافی اسٹیڈیم میں مدمقابل ہوں گی
لاہور: پی ایس ایل تھری کا بڑا معرکہ، پاکستان کے شائقین کرکٹ کا انتظار ختم ہوگیا اور قذافی اسٹیڈیم بھی پی ایس ایل کے ایلیمنیٹر میچ کی میزبانی کے لئے تیار ہے۔
پاکستان سپر لیگ کا سپر میچ دیکھنے کے لئے پورا ملک بےقرار ہے جب کہ زندہ دلانِ لاہور کی دھڑکنیں تیز ہونے لگیں، ایونٹ کا پہلا ایلیمنیٹر میچ دفاعی چیمپئن پشاور زلمی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے درمیان شام 7 بجے کھیلا جائے گا جس کے لئے بھرپور انتظامات کیے گئے ہیں۔ گراؤنڈ میں میچ دیکھنے والے شائقین کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ 5 بجے سے پہلے ٹکٹ کے ہمراہ گراؤنڈ پہنچ جائیں اور ذاتی گاڑیوں میں آنے والے شائقین کے لئے لبرٹی اور یونیورسٹی گراؤنڈ سمیت 4 پارکنگ ایریاز بنائے گئے ہیں جہاں سےفری شٹل سروس چلےگی۔
اسٹیڈیم کے اردگرد 3 کلومیٹر کی حدود میں تعلیمی ادارے دن 11 بجے بند کر دیے جائیں گے جبکہ میٹرو بس کے چند اسٹیشنز بھی بند رہیں گے۔ قذافی اسٹیڈیم سے مال روڈ کے نجی ہوٹل تک دفعہ 144 نافذ کردی گئی ہے اور سیکیورٹی کے حوالے سے قذافی اسٹیڈیم میں مانیٹرنگ سیل بھی قائم کردیا گیا ہے۔
اسٹیڈیم کے اطراف اور ہوٹل سے آنے والی سڑک پر جگہ جگہ غیرملکی کھلاڑیوں کے لئے خیرمقدمی بینرز آویزاں کیے گئے ہیں۔ایلیمنیٹر میچز کے دوران رمیز راجا اور بازید خان کے علاوہ ایلن ولکنز، ڈیرن گنگا اور مائیکل سلیٹر کمنٹری کے فرائض انجام دیں گے۔
اپنی رائے کا اظہار کریں